بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں دو عیدوں کی روایت برقرار

خیبر پختونخوا میں دو عیدوں کی روایت برقرار

پشاور۔خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر د و عیدوں کی روایت برقرار رہی مسجد قاسم علی خان اور دیگر اضلاع کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں نے آج عید منانے کا اعلان کردیا جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت آج پشاور میں ہوگا جس کی طرف سے کل ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کرنے کا غالب امکان ہے اس طرح روزے اورعید ملک بھر میں ایک دن منانے کی تمام کوششیں اور امید دم توڑ گئیں تاہم پشاور کے مختلف علاقوں‘ ایبٹ آباد‘ ہزارہ‘ سوات‘ چارسدہ اور دیگر علاقوں میں عید کل منائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پشاورمیں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی میں ضلع بھر سے 46 شہادتیں موصول ہونے پر آج بروز اتوار عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا گیا پشاور میں مسجد قاسم علی خان میں غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی عزیز کی سربراہی میں ہوا اجلاس میں مفتی صفیح اللہ‘ مفتی قاری عاصم اوردیگر علماء بھی شریک تھے کمیٹی کا اجلاس افطاری کے بعد شروع ہوا جس کو ضلع بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی 46 شہادتیں موصول ہوئیں جن کی روشنی میں کمیٹی نے آج بروز اتوار عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا۔ مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کو کچی محلہ ‘ ہشتنگری‘ پیر گلاب شاہ‘ سکندر پورہ‘ حسن گڑھی‘ شامی روڈ‘ بخشی پل‘ قاضی کلے‘ شیخ آباد‘ کگہ ولہ‘ آفریدی آباد‘ پھند و روڈ‘ لڑمہ‘ چارسدہ روڈ‘ تہکال بالا‘ متنی اور دیگر علاقوں سے عید کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق شہادتوں کی تعداد 50 سے زائد تھیں اس طرح صوابی اورچارسدہ اور مردان میں بھی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جن میں چان نظر آنے کی شہادتوں کے بعد عید آج بروز اتوار مورخہ 25 جون 2017ء کو مقامی طور پر عیدمنانے کا اعلان کردیا گیا۔ بنوں میں مقامی رویت ہلال کیمٹی کا اجلاس جامعہ نظام العلوم وشعبہ یتم خانہ چار بجلی چوک میں مفتی عبدالغنی کی زیرصدارت ہوا جس میں قاری اسماعیل‘ مولانا اعزازاللہ سمیت ممبران میلاد کمیٹی اوردیگر علماء شریک ہوئے کمیٹی کو مختلف علاقوں سے 40 شہادتیں موصول ہوئیں جس پر بنوں میں بھی آج عید کا اعلان کردیا گیا اس طرح بنوں‘ صوابی‘ چارسدہ‘ مردان‘ نوشہرہ‘ لکی مروت‘ ملاکنڈ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور قبائلی ایجنسیوں کے بیشتر علاقوں میں آج عید منائی جارہی ہے تاہم سوات ‘ ہزارہ ڈویژن‘ڈیرہ اسماعیل خان‘ کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد کل عید کا غالب امکان ہے۔

دریں اثناء چارسدہ ضلع میں عیدالفطر کا اعلان کردیا گیا اتوار کے روز عیدمنائی جائے گی اس حوالے سے جمیعت علمائے رمضان کمیٹی رجڑ چارسدہ کا اجلاس زیرصدارت مولانا محسن الدین صاحب حق منعقد ہوا جس میں مولانا غلام صادق‘ مفتی عبداللہ شاہ سمیت دیگر جید علماء کرام کے علاوہ ایم این اے مولانا گوہر شاہ‘ ضلع ناظم مہمنداعظم خان‘ نائب ناظم مصورشاہ درانی نے شرکت کی اس موقع پر شوال کے چاند نظر آنے محمدزئی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فیض محمد ان کے بیٹوں سمیت پچاس شہادتیں موصول ہونے پر ضلع چارسدہ میں اتوارکے روزعیدالفطر کا اعلان کردیا گیا۔