بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید ہوگی

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید ہوگی

پاکستان میں شوال کا چاند کا نظر آگیا اور پورے ملک میں عیدالفطر کل بروز پیر 26 جون کو منائی جائے گی۔

مفتی منیب الرحمٰن کی صدارت میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جہاں کمیٹی کے دیگر ارکان کے علاوہ وزارت مذہبی امور کے اراکین نے بھی شرکت کی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں ہوئے۔

مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی، سکھر، بدین، پاک پتن احمد پور شرقیہ، رحیم یارخان، لاہور، جعفرآباد اور ملک کے دیگر علاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کےبعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کل ملک بھر میں عیدالطفر منائی جائے گی۔

خیال رہے کہ پشاور سمیت مضافاتی علاقوں میں عیدالفطر آج منائی گئی جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کی 12 رکنی کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں شوال کا چاند نظر کا اعلان کرتے ہوئے 25 جون اتوار کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔

مولانا سمیع اللہ جان فاروقی نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 12 رکنی کمیٹی کو چاند نظر آنے کے حوالے سے صوبہ بھر سے 54 شہادتیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 41 کی تصدیق کی گئی۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک، یورپی ممالک اور افغانستان میں بھی عیدالفطر آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی۔