بریکنگ نیوز
Home / بزنس / پاکستان چائے کی فی کس کھپت میں پہلے نمبر پر آگیا

پاکستان چائے کی فی کس کھپت میں پہلے نمبر پر آگیا


کراچی: پاکستان چائے کی فی کس کھپت کے لحاظ سے دنیا میں سب سے زیادہ چائے استعمال کرنے والا ملک بن گیاہے۔

پاکستان میں چائے کا فی کس استعمال ایک کلو گرام تک پہنچ گیا ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں چائے کی کھپت کا سب سے بلند تناسب ہے عالمی تناسب کے لحاظ سے دنیا میں فی کس کھپت 0.75کلو گرام ہے اس لحاظ سے پاکستان چائے کی کم ترین پیداوار کے باوجود سب سے زیادہ چائے استعمال کرنے والا ملک بن گیا ہے۔

پاکستان میں چائے مشروب سے زیادہ غذائی افادیت کی وجہ سے استعمال کی جاتی ہے دودھ اور چینی شامل کیے جانے کی وجہ سے چائے کی غذائیت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ پاکستان میں چائے کی کھپت میں رواں مالی سال 18فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران پاکستان میں 51ارب 40کروڑ روپے مالیت کی ایک لاکھ 87ہزار ٹن چائے درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ایک لاکھ 60ہزار ٹن چائے درآمد ی گئی تھی اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران چائے کی درآمد میں بلحاظ مقدار 27ہزار ٹن اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال کے 12ماہ میں چائے کی درآمد 2 لاکھ ٹن سے زائد رہنے کا امکان ہے جس کی مالیت 54ارب روپے بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا شمار چائے درآمد کرنے والے دنیا کے 10 سرفہرست ملکوں میں کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان کینیا کی چائے کا سب سے بڑا خریدار ہے۔