بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سابق چیئرمین نیب جے آئی ٹی میں پیش

سابق چیئرمین نیب جے آئی ٹی میں پیش

اسلام آباد۔نیب کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد امجد پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے ۔نیب کے پہلے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد امجد پاناما معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے بطور گواہ پیش ہوئے۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس پوچھ گچھ کے دوران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد امجد نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق ان کے دور میں تحقیقات سے متعلق سوالوں کے جواب دیئے ۔ اس موقع پر انہوں نے جے آئی ٹی کو اس معاملے کے حوالے سے دستاویزی شواہد سے بھی آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹی میں دو جولائی سے نواز شریف کے اہل خانہ کی پیشیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔ وزیر اعظم کے کزن طارق شفیع کو 2، حسن نواز 3، حسین نواز4جبکہ مریم نواز کو 5جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی فیملی کے علاوہ طارق شفیع ، اسحاق ڈار کی ٹیکس تفصیلات بھی ایف بی آر کو بھجوا دی گئیں۔ذرائع کے مطابق فراہم کی گئی معلومات میں 1990سے اب تک کی ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات شامل ہیں۔

دستاویزات میں حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق ٹیکس کی مزید تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق تفصیلات بھجوانے کے لیے انکم ٹیکس آفس کے ایک سیکشن میں گزشتہ روز چھٹی کے باوجود کام ہوتا رہا۔