بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / موبائل گاڑیوں کیلئے بنائی گئی نئی حکمت عملی کامیاب

موبائل گاڑیوں کیلئے بنائی گئی نئی حکمت عملی کامیاب


پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیس موبائل گاڑیوں پر حملوں ٗ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے نئی حکمت عملی کے تحت موبائل گاڑیوں میں فرسٹ ایڈ کٹ ٗروشنی پستول ٗ ہینڈ گرینڈ ٗ گیس گن ٗ ٹارچ ٗ ڈنڈے ٗہتھ کڑیاں اور دیگر ضروری سامان پر مشتمل بکس کی موجودگی کا تجربہ کامیاب قراردیدیا جس کا اعتراف چمکنی کے علاقے شاہ پور میں واقع فلور ملز میں دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن میں کیاگیا ہے۔

آپریشن کے دوران گاڑیوں میں تمام سامان کی دستیابی سے پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے روزنامہ ’’آج ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ پشاور میں آئے روز پولیس موبائل گاڑیوں پر حملوں کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر پہلی بار کسی بھی حملے سے نمٹنے کیلئے نئی حکمت عملی کے تحت ہرتھانے کی پولیس موبائل گاڑیوں میں فرسٹ ایڈ کٹ ٗ روشنی پستول ٗ ہتھ کڑیاں ٗ پولو سٹک (ڈنڈے )ہینڈ گرینڈ ٗ گیس گن اور دیگر ضروری سامان پر مشتمل بکس کی موجودگی لازمی قراردی گئی تھی جس میں انتہائی کامیابی ملی ہے کیونکہ چند روز قبل چمکنی کے علاقے شاہ پور میں فلور ملز پر دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن میں تمام سامان کی دستیابی سے پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے۔

ایس ایس پی نے بتایاکہ پولیس عوام کی محافظ ہے اس لئے ہمہ وقت عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے الرٹ ہیں انہوں نے کہاکہ پشاور کے انتہائی حساس مقامات پر گشت کرنیوالی پولیس موبائل گاڑیوں کو آئی ڈی ایز اور دیگر حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے بلٹ پروف بنادیاگیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں حساس اور دیگر مقامات پر گشت کرنیوالی گاڑیوں کو بلٹ پروف بنایاجائیگا ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان کے مطابق زیادہ تر نواحی علاقوں میں پولیس موبائل گاڑیوں پر حملے ہوتے ہیں اس لئے پہلے مرحلے میں نواحی علاقوں کی گاڑیوں کو بلٹ پروف بنایا گیا جبکہ اس کے بعد دیگر گاڑیوں کو بھی بلٹ پروف بنایاجائیگا۔