بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جمشید دستی پرمبینہ تشدد کی انکوائری رپورٹ پیش

جمشید دستی پرمبینہ تشدد کی انکوائری رپورٹ پیش

لاہور۔ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی طرف سے تشدد کے الزامات کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ڈاکٹرز کے پانچ رکنی بورڈ کی پیش کردہ میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طبی معائنے کے دوران جمشید دستی کے جسم پر کہیں بھی تشدد وغیرہ کے نشانات نہیں پائے گئے ۔جمشید دستی کی جسمانی اور ذہنی صحت معمول کے مطابق ہے ۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق جمشید دستی کو کوئی جان لیوا بیماری بھی لاحق نہیں ہے اور آئی جی جیل خانہ جات کی انکوائری رپورٹ میں جمشید دستی کے ساتھ جیل میں بدسلوکی کے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جمشید دستی کو جیل میں قواعد کے مطابق ہوا دار کمرہ ، سیلنگ فین ، فوم میٹرس ، تکیے ، واٹر کولر ، کرسی میز، اخبار ، کولڈڈرنگ، منرل واٹر سمیت دیگر سہولتیں حاصل ہیں۔ جمشید دستی کی طرف سے دانت میں تکلیف کی شکایت پر ڈینٹل سرجن نے طبی معائنہ کرکے ادویات تجویز کی ہیں جو فوری طور پر فراہم کردی گئی ہیں۔

صوبائی کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے اجلاس میں رانا مقبول احمد،صوبائی وزیر سی ٹی ڈی ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس ، آئی جی جیل خانہ جات ، سیکرٹری پراسیکیوشن اور دیگر سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان ریجن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمشید دستی کو دوران حراست قواعد کے مطابق جیل میں بہترکمرہ ، بہتر خوراک، پھل اور جوسز وغیرہ کے علاوہ اینٹی سپٹک سپرے ، موسپیل سمیت دیگر سہولیات بھی میسر تھیں اورجیل میں قیام کے دوران ان کی جسمانی اور ذہنی صحت معمول کے مطابق تھی۔