بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ملک بھر میں مون سون بارشوں سے 28افراد جاں بحق

ملک بھر میں مون سون بارشوں سے 28افراد جاں بحق

اسلام آباد۔ ملک بھر میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں۔کراچی میں دو روز قبل شروع ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک دو بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔اس کے علاوہ منگھوپیر مکرانی پاڑہ میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوئے.وزیراعلی بلوچستان نے انتظامیہ اور پرویزنل منیجمینٹ ڈزاسٹر اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)کو ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔

کوہلو میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے درجنوں کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرگئی جس سے 3 افراد زخمی ہوئے۔ضلع شیرانی اور ہرنائی میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ زردالو تنگی میں پکنک پوائنٹ پر سیلابی ریلے میں بہہ کر 1 شخص ہلاک ہوگیا اس کے علاوہ خضدار میں بھی تیز بارشوں سے سڑکیں بہہ گئیں۔دوسری جانب ضلع لسبیلہ اور اس کے اطراف میں بارشوں کے بعد کئی ندی نالوں میں طغیانی سے دارو ہوٹل نالے کے قریب بنائے جانے والے 20 گھر سیلابی ریلے میں بہہ گئے جس کے باعث 8 افراد جاں بحق جبکہ 1 شخص لاپتہ ہوگیا۔ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 9 افراد میں سے 8 افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ 1 شخص کی تلاش جاری ہے۔

ادھر اندرون سندھ میں بھی بارشوں نے شدید تباہی مچادی اور بارش کے دوران مختلف واقعات اور بجلی گرنے کی وجہ سے ٹھٹہ، میر پور خاص، اور تھرپارکر کے علاقے نگر پارکر میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔حیدر آباد میں بھی ایک موٹر سائیکل سوار بارش کے دوران اپنی موٹر سائیکل کے پھسلنے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا۔خیبر پختونخوا میں چترال کے مقام پر بارش کے دوران ایک لڑکا جان بحق جبکہ باجوڑ میں سیلاب میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔تاہم پنجاب میں اب تک مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی