بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / آرمی چیف کا پارا چنارمیں سکیورٹی معاملات حل کرنیکا حکم

آرمی چیف کا پارا چنارمیں سکیورٹی معاملات حل کرنیکا حکم

راولپنڈی،پارا چنار ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارہ چنار میں عید سے قبل ہونے والے دھماکوں کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی دھرنے کے شرکا ء کی جانب سے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق معاملات فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعے کی صبح پارہ چنار کا دورہ کیا جہاں معاملے پر بریفنگ لینے کے بعد انھوں نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی ۔اس دورے کے بارے میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پارہ چنار کے متاثرین نے آرمی چیف سے ملاقات میں کچھ سیاسی اور کچھ سکیورٹی سے متعلق مطالبات پیش کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سکیورٹی سے متعلق خدشات کا فوری سدباب کرنے کو کہا ہے اور اس سلسلے میں پاڑہ چنار میں سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر جگہ کی سکیورٹی ہمارے لیے اہم اور برابر ہے اور ‘پاڑہ چنار کو محفوظ بنانے کے لیے فوج کے اضافی دستے یہاں پہنچ رہے ہیں۔’میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی بتایا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلے پر حساس ترین مقامات پر باڑ لگائی جائے گی۔

23 جون کو ہونے والے ان دھماکوں کے بعد احتجاجی دھرنا گذشتہ آٹھ دن سے جاری تھا جس کے شرکا نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کیے بغیر احتجاج ختم کرنے سے انکار کیا تھا۔دھرنے کے شرکا نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ہلاک شدگان کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کی پیشکش کو بھی مسترد کر دیا تھا۔خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جمعرات کو پاڑہ چنار کے دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو دس، دس لاکھ اور زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ بطور زرِ تلافی دینے کا اعلان کیا گیا تاہم مرکزی دھرنے کے شرکا نے زرِ تلافی کی یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔