بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / خراب موسم لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش میں رکاوٹ

خراب موسم لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش میں رکاوٹ

پولیس کا کہنا ہے کہ دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہونے والے 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش میں خراب موسم رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اسپین سے تعلق رکھنے والے لبریٹو زیرائین بیراساٹی اور اور ارجنٹینا کے ماریانو گلاکان 18 جون کو نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے والے 14 رکنی غیر ملکی مہم جوؤں کے گروپ کا حصہ تھے۔گروپ کے دیگر 12 ارکان 24 جون تک واپس اپنے بیس کیمپ پہنچ چکے تھے، جب کہ اسپین اور ارجنٹینا کے دونوں کوہ پیماؤں کی تلاش کا کام گزشتہ 6 دن سے جاری ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے پولیس عہدیدار کے حوالے سے اپنی خبر میں بتایا کہ خراب موسم اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش کا کام مشکلات کا شکار ہے۔

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے 28 جون سے ہیلی کاپٹر سے مدد لی جا رہی ہے، تاہم تاحال خراب موسم کی وجہ سے کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے نانگا پربت کا موسم خراب ہے، جو کوہ پیماؤں کی تلاش میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ ایلپائن کلب پاکستان کے ترجمان قرار حیدری نے بھی تاحال کوہ پیماؤں کو تلاش نہ کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خراب موسم تلاش میں رکاوٹ بنا ہوا ہے، تاہم مہم جوؤں کو ڈھونڈنے کا کام جاری ہے۔ خیال رہے کہ نانگا پربت میں اکثر و بیشتر مہم جوئی کے لیے موسم سازگار نہیں ہوتا، یہاں ہر وقت برفباری ہوتی رہتی ہے، جس وجہ سے مہم جوئی کرنا مشکل ہوجاتی ہے۔

نانگا پربت دنیا کی 9 ویں بلند ترین چوٹی ہے، جو سطح سمندر سے 8 ہزار 126 میٹر بلند ہے، اس چوٹی کو ’خونی چوٹی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ جون 2013 میں اس پہاڑی پر فوجی وردی میں ملبوس دہشت گردوں نے مہم جوئی کرنے والے 10 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بے دردی سے قتل کردیا تھا، جب کہ مختلف اوقات میں یہاں مہم جو بھی لاپتہ ہوتے رہے ہیں۔