بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پشاور اور سیاحتی علاقوں کی خوبصورتی کیلئے ہدایات جاری

پشاور اور سیاحتی علاقوں کی خوبصورتی کیلئے ہدایات جاری


خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے متعلقہ حکام کو پشاور سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زکی تعمیرو ترقی اور خوبصورت بنانے پر عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل ہونے میں مدد مل رہی ہے۔ وہ پشاور میں نئے سالانہ ترقیاتی پر گرام میں شامل عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق ایک جلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ اور سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔متعلقہ حکام نے سینئر صوبائی وزیرکو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اپ لفٹ پروگرام کے تحت تزین آرائش اور میونسپل خدمات کے حوالے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔

عنایت اللہ نے بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے اورا پنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے خبر دار کیاکہ ناقص کار کردگی کے حامل اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی فوری طور پر عمل میں لائی جائیگی تاکہ صوبے اور باالخصوص پسماندہ علاقوں کے عوام صوبے کے دیگر ترقیاتی اضلاع کی طرح بنیادی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت وادی کمراٹ اوربراول کے علاقوں کی ترقی کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس سے نہ صرف علاقے میں ترقی کہ راہ ہموار ہوگی بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔