بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بلدیاتی نظام جرائم کی کمی میں کارگر ثابت ہوا ٗ پرویز خٹک

بلدیاتی نظام جرائم کی کمی میں کارگر ثابت ہوا ٗ پرویز خٹک

پشاور ۔خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کا متعارف کردہ بلدیاتی نظام ایک خوبصورت اور منفرد نظام ہے جس کی بدولت صوبے سے کرپشن کے خاتمے اور ترقیاتی عمل میں شفافیت کے علاوہ قیام امن اور جرائم کا گراف نیچے لانے میں بھی مدد ملی ہے ماضی کے برعکس اب ناظمین کا ہر چیز کی ذمہ داری لینا ضروری ہے جبکہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی وجہ سے عوام کو مطمئن کرنا بھی آسان بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کی وجہ سے ترقیاتی عمل تیز ہونے کے علاوہ شفافیت بھی آگئی ہے جو بہتر طرز حکمرانی کی بہترین مثال ہے وہ اپنے دفتر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی زیر قیادت کوہاٹ کے بلدیاتی نمائندوں اورپی ٹی آئی کے زعماء کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے وزیراعلیٰ کو علاقے کے بعض اجتماعی مسائل سے اگاہ کیا وفد میں کوہاٹ کے نو منتخب ضلع ناظم نسیم آفریدی، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم ایڈوکیٹ اورضلع و تحصیل کونسلر بھی شامل تھے پرویز خٹک نے وفد کے معروضات ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے ہر سطح پر کرپشن کو قصہ پارینہ بنا دیا ہے اور اداروں کوعوامی خدمات کی بطریق احسن انجام دہی کا پابند بنانے کے ساتھ ساتھ قانون ،میرٹ اور انصاف کی بالادستی یقینی بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے حکمران سے لے کر اعلیٰ حکام اور زیریں عملے کو مکمل طور پر جوابدہ بنا دیا ہے اور اب اعلیٰ و ادنیٰ تمام سرکاری ملازمین خلاف قانون اقدام پر گرفت میں آسکتے ہیں ہم نے اس مقصد کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور اداروں کو قاعدہ و قانون کا پابند بنا دیا ہے صوبائی حکومت کی سزا و جزا پالیسی کے تحت محنتی اور فرض شناس افسروں کی مناسب حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جب کہ بدعنوان عناصر کی سرکوبی میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جاتی ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی بہتر کارکردگی کی بدولت ہماری جماعت کا گراف بھی اونچا ہوا ہے ہم پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی دلجوئی اور عزت میں اضافہ بھی یقینی ہے انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں ضمیر گل ڈیم کی تعمیر کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اس ڈیم کی بدولت کوہاٹ کی تین یونین کونسلوں خوشحال گڑھ، شیخ زیارت اللہ داد اور چور لکی کی 2900 کنال وسیع زرعی اراضی سیراب ہو سکے گی۔

وزیراعلیٰ نے وفد کی طرف سے دورہ کوہاٹ کی دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنی پہلی فرصت میں وہاں آئیں گے انہوں نے کوہاٹ میں وومن اینڈ چلڈرن پارک ، بنوں روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر ، ضمیر گل ڈیم کی جلد تعمیر، گمبٹ کو تحصیل کا درجہ دینے اور جرمہ کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے بعد انہیں رقوم کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں دو سال کی توسیع سے متعلق مسائل و مطالبات کے فوری ازالے کا یقین دلایا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے انہوں نے کے ڈی اے ہسپتال میں چھ نئے بلاکوں کی تعمیر پر کام تیز کرنے کا یقین بھی دلایا۔