بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا

عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا


پشاور۔ عوامی نیشنل پارٹی نے آئندہ الیکشن کے لیے پی کے ون سے اپنی انتخابی مہم کاباقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔اس بات کا اعلان پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے سابق صوبائی وزیر حاجی ہدایت اللہ خان کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اے این پی کے مرکزی سینئرنائب صدرحاجی غلام احمد بلور ، سینیٹرالیاس بلور ، مرکزی سیکرٹری بشیر مٹہ ، صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور، سٹی ڈسٹرک کے صدر ملک غلام مصطفی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب بعدازاں جلسے میں تبدیل ہوگئی اور اس موقع پر امیر حیدر خان ہوتی سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

صوبائی صدرنے اپنے خطاب میں پی کے ون سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ تین ماہ کے اندر آئندہ الیکشن کے لیے پارٹی کے امیدواران میدان میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی چار سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور قوم تبدیلی کے جھوٹے نعرے کی حقیقت جان چکے ہیں انہوں نے کہا کہ پانامہ کا ہنگامہ اپنے عروج پرہے اور دونوں سیاسی جماعتیں عوام کو نظرانداز کرایک دوسرے کے احتساب میں مصروف ہیں۔ لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کرنے والے اگراس قابل ہوتے تو آج انہیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اورصوبے کا وجود فاٹا کے انضمام کے بغیرنامکمل ہے۔ اے این پی عوامی قوت کا دائرہ فاٹا تک پھیلائے گی