بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / شہداء ورثاء کے مسائل حل کیلئے دن مختص کرنیکا فیصلہ

شہداء ورثاء کے مسائل حل کیلئے دن مختص کرنیکا فیصلہ

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء کے ورثاء کی دیکھ بھال او ر انکے مسائل بروقت حل کرنے کیلئے مہینے میں ایک دن مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شہداء کے ازسر نو کوائف جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس ضمن میں گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں شہداء کے ورثاء کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تقریب منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی آپریشن سجاد خان ،ایس پی ہیڈ کوارٹر وسیم خلیل ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عثمان غنی اور دیگر پولیس افسران اور شہد اء کے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ایس ایس پی آپریشن سجاد خان نے شہداء کے لواحقین کے درپیش مسائل سننے اور اسکو جلد از جلد حل کر نے کی یقین دہانی کرائی ایس ایس پی آپریشن نے شہداء کے لواحقین سے کہا کہ آئی جی پی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود اور سی سی پی او محمد طاہر خان کی ہدایات کے مطابق مہینے میں پولیس شہداء کے لواحقین کے مسائل کے حل کیلئے ایک دن مختص کیا ہے ہر ماہ بروز پیر شہداء کے لواحقین کو بلایا جائے گا جو اپنے مسائل بلا جھجک ہمارے ساتھ شیر کریں ایس ایس پی آپریشن نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بہادر پولیس شہیدوں پر فخر ہے ۔

جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دہشتگردی کے خلاف ڈٹ کر نمایاں کردار اد ا کیا ہے شہداء کی ورثاء کی دیکھ بھال اور انکے مسائل کے بروقت حل کیلئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے جس میں شہداء کے کوائف اکٹھے کرکے ان کے ورثاء کو ملنے والے مراعات اور شہید پیکج کو یقینی بنانا ہے ۔خیبر پختونخواہ کی روایات کوملحوظ رکھتے ہوئے شہداء کی بیواؤں سے تمام معلومات اور مسائل جاننے کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار ملاقات کریگی متعلقہ پولیس اسٹیشن کا ایس ایچ او اور خاتون پولیس افسران وقتا فوقتا شہداء کے گھر جائیں گے اور ان کی بیوہ اور بچوں سے ملاقات کرکے نا صر ف انکی حوصلہ افزائی کرینگے بلکہ درپیش مسائل کے حل کیلئے سنئیر پولیس افسران کی مد د سے بھر پو رکوشش کرینگے ۔