بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ،سینئر داعش کمانڈر ہلاک

افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ،سینئر داعش کمانڈر ہلاک

کابل۔افغانستان کے مشرقی صوبے میں کنڑ میں امریکی ڈرون حملے میں سینئر کمانڈر سمیت داعش کے 4 جنگجو ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبائی گورنر وحید اللہ کالم زئی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی ڈرون حملے میں حضرت گل سمیت داعش کے چار جنگجو ہلاک ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگجو عسکریت پسندوں کے زیرکنٹرول پہاڑی علاقے میں موجود تھے۔گورنر کنڑ کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس کے ذریعے انتظامیہ کو دہشت گردوں کی ہلاکت کا علم ہوا۔

واضح رہے کہ عسکریت پسندوں پر مشتمل داعش کا دھڑا افغانستان کے مشرقی حصے میں فعال ہے، جہاں یہ افغان فورسز کے ساتھ ساتھ طالبان کے ساتھ بھی مختلف جھڑپوں کا حصہ بنتے رہتے ہیں۔دوسری جانب افغان پولیس کے ترجمان باسر مجاہد کے مطابق کابل میں ایک سینئر پولیس عہدیدار گاڑی میں نصب بم پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔خیال رہے کہ رواں سال فروری میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب امریکی ڈرون حملے میں افغان طالبان کمانڈر سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد خطے میں امریکا کی جانب سے یہ پہلا ڈرون حملہ تھا۔اس سے قبل بھی سابق صدر براک اوباما کے دور میں سال 2016 کے آغاز میں ہی 9 جنوری کو افغان صوبے ننگرہار اور پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے ڈرون حملوں میں داعش کے 25 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔