بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / گورنرکا پارا چنار میں ٹراما سنٹر کے قیام کا اعلان

گورنرکا پارا چنار میں ٹراما سنٹر کے قیام کا اعلان


پشاور ۔ گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ متحدہوکر دہشت گردی کی لعنت کوختم کیاجاسکتاہے ۔ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اور موجودہ حکومت اس ضمن میں تمام ترممکنہ سہولیات بروئے کار لارہی ہے۔ گورنرنے کہاکہ پاراچنارواقعے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایاجائیگا۔وہ منگل کے روزکرم ایجنسی کے ہیڈکوارٹر پاراچنار میں بم دھماکے کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کررہے تھے۔

گورنرنے اس موقع پر شہید ہونیوالوں کے لواحقین کو دس دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے چیک دیے۔اراکین پارلیمنٹ، اعلی سول و فوجی حکام ، قبائلی زعماء اور متاثرین کے لواحقین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنرنے کہاکہ مالی امداد کسی طور بھی قیمتی جانوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتی بلکہ یہ صرف جذبات اور احساسات کا عملی اظہارہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اور انشاء اللہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اورمملکت خداداد کی سرحدوں کی حفاظت اوراپنے بچوں کابہترمستقبل یقینی بنایاجائیگا۔

گورنرنے کہاکہ خطے میں امن واستحکام کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اس ضمن میں قبائلی عوام اور پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی۔ اس موقع پرگورنرنے پاراچنارواقعے میں شہیدہونیوالوں کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے بھی دعاکی اور شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ اس المناک واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایاجائیگا۔

قبائلی زعماء کی مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنرنے پاراچنار میں 50 بستروں پر مشتمل ٹراماسنٹر کے قیام کا اعلان کیا اور ایجنسی ہیڈکوارٹر کے اپ گریڈیشن کی بھی ہدایت کی۔گورنرنے کہاکہ فاٹااصلاحات میں تاخیراس میں مزید بہتری لانا ہے اور فاٹااصلاحات میں تمام قبائل کو اعتماد میں لیاجائیگا۔گورنرنے کہاکہ موجودہ حکومت فاٹامیں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔اس موقع پر قبائلی زعماء نے اس عزم کااعادہ کیا کہ ملکی دفاع اور امن واستحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔قبل ازیں پاراچنار پہنچنے پر گورنرکا پرتپاک استقبال کیاگیا اور ایجنسی میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔