بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف ہربار وزیراعظم بنیں گے ٗ مریم نواز

نواز شریف ہربار وزیراعظم بنیں گے ٗ مریم نواز

اسلام آباد۔وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ جے آئی ٹی دنیاکی پہلی جے آئی ٹی ہے جو تحقیقات تو کر رہی ہے مگر الزام کے بارے میں تاحال لاعلم ہے ‘ وزیر اعظم کی زمانہ طالب علمی اور غیر سیاسی زندگی کے حوالے سے الزامات اور تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ 3 دفعہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے اس دور میں ایک روپے کی بھی کرپشن کے الزام کی تحقیقات نہیں ہو رہیں‘ پاکستان کے و زیر اعظم کی بیٹی ہونے کے ناطے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئی‘ میں اس شخص کی بیٹی ہوں جس نے ہمیشہ آئین کی بالادستی کی بات کی ہے ‘جے آئی ٹی نے جو بھی سوال پوچھا میں نے اس کا جواب دیا وزیر اعظم سے جو تحقیقات کی جا رہی ہیں وہ 80,70,60 کی دہائیوں کے حوالے سے کی جا رہی ہیں۔ اس وقت وزیر اعظم یا تو طالب علم تھے یا پھر سیاست میں نہیں تھے‘ جے آئی ٹی کے پاس وزیر اعظم کے تینوں ادوار کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے‘ اب تک جے آئی ٹی نے جو بھی تحقیقات کی ہیں وہ ہمارے خاندانی کاروبار کے حوالے سے کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے آرڈر میں میرا نام نہیں تھا ۔ مخالفین مجھ پر کوئی الزام بھی ثابت نہ کر سکے۔ آج وہ بھی قرض اتار دیاجو واجب بھی نہ تھا۔ جے آئی ٹی سے سوال کیا ہے کہ ہمارا الزام کیا ہے ۔ جے آئی ٹی کے پاس اس کا کوئی جواب نہ تھا۔ دنیا کی پہلی جے آئی ٹی ہے جو الزام تلاش کر رہی ہے۔ الزامات اس وقت کے ہیں جب نواز شریف سیاست میں بھی نہیں تھے ۔ نواز شریف نے بطور وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بڑے بڑے منصوبے لگائے۔ ایک پائی کا الزام ثابت نہ کر سکے۔ میرے دادا مرحوم کے کاروبار کے حوالے سے سوال کئے۔ خاندانی کاروبار کے گرد سوال گھوم رہے ہیں۔ ذاتی کاروبار کا سوال بنتا ہے نہ جواب دینا۔ کسی بڑے منصوبے میں بدعنوانی کا ثبوت تو دور کی بات الزام بھی نہیں پوچھا جا رہا۔ جورلانے کی بات کرتا ہے وہ سن لے فائدہ یا نقصان دینے والی ذات اللہ کی ہے۔ ملک میں جتنے بھی بڑے پروجیکٹس ہیں ان پر نواز شریف کی مہر ہے۔ یہ ہمارا پانچواں احتساب چل رہا ہے ۔ یہ پہلی لیکس نہیں جس میں ملوث کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ڈان لیکس بھی تھا۔ نواز شریف کی بیٹی کو ان کی کمزور سمجھنے والے اسے طاقت پائیں گے۔

میں اس شخص کی بیٹی ہوں جس نے مجھے حق کیلئے کھڑا ہونا سکھایا ہے۔ ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا ہے۔ ہم بھی کمر درد کابہانہ بنا سکتے تھے۔ ایک پیسے کی کرپشن ‘ کک بیک یا منی لانڈرنگ ہے تو سامنے لاؤ ۔ جس پر عوام کے پیسے کے لین دین کے الزام ہیں وہ اسٹے آرڈر پر ہیں ۔ جس کو بیٹیوں کی قدر نہ ہو وہ ان کی عزت کیا جانے گا۔ نواز شریف واحد لیڈر ہے جن پر قوم اعتماد کرتی ہے۔ نواز شریف نہ جھکے گا نہ ملک کو جھکنے دے گا۔ پانامہ لیکس میں جن کے نام ہیں انہوں نے ہم پر مقدمہ کر رکھا ہے۔ ایک خاندان کا کتنا حساب لیاجائے گا۔ 6 ماہ سپریم کورٹ میں کیس چلا کچھ نہیں نکلا۔ ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔ جے آئی ٹی بنا کر الزام ڈھونڈ رہے ہیں۔ سازش کرو گے تو نواز شریف پہلے سے بھی زیادہ طاقت سے واپس آئے گا۔ نواز شریف کو قوم نے تین بار و زیر اعظم بنایا۔ سازشیں کرو گے تو نواز شریف چوتھی بار اور پانچویں بار بھی وزیر اعظم بنے گا۔ ہم ہر فورم پر جواب دے رہے ہیں۔

حکمران ہونے کے ناطے آخرت میں حساب دینے کا بوجھ کچھ ہلکا ہوا ہے۔ ڈان لیکس میں مجھے ملوث کرنے کی کوشش کی گئی ہم استثنیٰ کا حق بھی استعمال کر سکتے تھے ہم بھی تکنیکی سہارے لے کر چھپ سکتے تھے۔ اپنی کہانی عوام کے پاس لے کر جائیں گے۔ ہم بھی نتھیا گلی میں چھپ سکتے تھے۔ عوام کی طاقت نواز شریف کے ساتھ ہے۔ پانامہ میں 500 خاندان شامل ہیں صرف نواز شریف کے خلاف جے آئی ٹی بنی ہے۔ روک سکتے ہو تو نواز شریف کو روک لو جھوٹ بولنے والوں نے اپنے اوپر بوجھ لاد لیا ہے۔ نواز شریف نے شیر دل انسان کی طرح احتساب کا سامنا کیاہے۔ ہمارے ذمہ غریب عوام کا کوئی پیسہ نہیں ہے۔ والد ‘ چچا اور بھائیوں کی جے آئی ٹی پیشیوں کے بعد جے آئی ٹی میں پیش ہوئی ہوں کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بیٹیوں کو شامل کر کے نواز شریف کو امتحان میں ڈالیں گے۔ اس شخص کی بیٹی ہوں جس نے مجھے حق کیلئے کھڑا ہونا سکھایا ہے۔ مجھے اس لئے نشانہ بنایا کیوں کہ میں نواز شریف کی بیٹی ہوں۔