بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سوات میں ٹریفک وارڈنز سسٹم کا آغاز

سوات میں ٹریفک وارڈنز سسٹم کا آغاز

سوات۔سوات میں ٹریفک وارڈنز سسٹم کا آغاز ہوگیا،پشاور کے ٹریفک وارڈنز سوات پولیس کی ٹریننگ کے لئے پہنچ گئے،پشاور میں ٹریفک وارڈنز سسٹم کی کامیابی کے بعد صوبائی حکومت اور آئی جی پولیس کی جانب سے سوات میں بھی ٹریفک وارڈنز سسٹم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے لئے پشاور کے ٹریفک وارڈنز کی ٹیم سوات پولیس کی ٹریننگ کے لئے پہنچ گئی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ملاکنڈ اور ڈی پی او سوات کی خصوصی دلچسپی کے باعث سوات میں بھی ٹریفک وارڈنز سسٹم کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس سے سوات اور خصوصاً مینگورہ شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں گے۔سوات میں 511ٹریفک پولیس وارڈنز کو تعینات کیے جائینگے جس کے لئے جدید موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔

جبکہ سوات میں کامیابی کے بعد اس کو ملاکنڈ ڈویژن تک وسعت دی جائے گی۔سوات میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ اور عوام میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور آگاہی کیلئے پشاور سے ٹریفک وارڈنز کی ٹیم بھی سوات پہنچ گئی ہے جنہوں نے پہلے روز مینگورہ کے سہراب خان چوک میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ٹریننگ دی بلکہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور آگاہی کے لئے پیغامات بھی دیئے۔