بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پشاور میں جوانسال لڑکے کے اندھے قتل کا سراغ

پشاور میں جوانسال لڑکے کے اندھے قتل کا سراغ


پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بھانہ ماڑی کے علاقے لنڈی ارباب میں جوانسال لڑکے کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا مقتول کو ماموں زاد بھائی نے دوست کے ساتھ ملکر چوری کا راز فاش کرنے کے ڈر سے قتل کیا جبکہ مقتول قاتل کو دوسرے لڑکوں کے ساتھ پھرنے سے منع کرتا تھا جس پر اسے رنج تھا پولیس نے مرکزی ملزم کے والد کو بھی شریک جرم قراردیدیا اس ضمن میں گزشتہ روز ڈی ایس پی سبرب فضل واحد خان نے ایس ایچ او بھانہ ماڑی اعجاز خان اور تفتیشی آفیسر درویش خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 13 جون کو جانس خان ولد مستقیم سکنہ لنڈی ارباب نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کے 23سالہ بیٹے لقمان کو نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے جس کامقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی تو انکشاف ہواکہ مقتول لقمان کو اس کے ماموں زاد بھائی برہان ولد عابد الرحمان نے اپنے دوست شہزاد خان ولد محمد جاوید ساکنان لنڈی ارباب کے ساتھ ملکر قتل کیا ہے ۔

ڈی ایس پی کے مطابق دونوں ملزموں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی گئی تو مزید انکشاف ہواکہ مقتول کو ملزم برہان اچھا لگتا تھا اوروہ اسے شہزاد کے ساتھ گھومنے پھرنے سے منع کرتا تھا جبکہ برہان نے گھر سے چوری کی تھی جس کا اسے ڈر تھا کہ مقتول کہیں راز فاش نہ کردے اور اسی بنا پر دونوں نے اسے قتل کرنے کامنصوبہ بنایا پولیس کے مطابق برہان کے والد عابد الرحمان منصوبے سے باخبرتھا اس لئے اسے بھی شریک جرم قراردیدیا ہے پولیس کے مطابق ملزموں کے قبضے سے آلہ قتل اور مقتول کا موبائل فون بھی برآمد کرلیاگیا ہے ڈی ایس پی کے مطابق مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔بھانہ ماڑی پولیس نے جوانسال لڑکے کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مرکزی ملزم برہان نے چند ماہ کے دوران اپنے داد اور والد سے تقریباً 2 لاکھ 68 ہزار روپے چوری کئے جس کا مقتول کوعلم ہوا تو وہ اسے ہر وقت چوری کا راز فاش کرنے سے ڈراتا تھا پولیس کے مطابق ملزم نے چوری شدہ رقم سے 18 ہزار روپے مالیت کا موبائل خریدا تو مقتول نے وہ موبائل اس سے لے لیا تھا اور پھر اس کے بعد دونوں میں آئے روز لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے تھے ۔

پولیس کے مطابق وقوعہ کے روز ملزم مقتول کے گھر گیا اور اسے بہانے سے باہر بلایا جیسے ہی وہ گھر سے نکلا تو ملزم شہزا د نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا واضح رہے کہ قاتل برہان آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے ۔جوانسال لڑکے کے قتل کو رہزنی کا رنگ دینے کیلئے ملزمان اس کا موبائل اور دیگر سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے پولیس کے مطابق ملزموں نے مقتول کا موبائل بلور پلازہ صدر میں ایک ہزار روپے میں فروخت کیا پولیس کے مطابق کاروائی کرکے موبائل بھی برآمد کرلیاگیا ہے جبکہ دکاندار کا بیان بھی ریکارڈ کرلیاگیا ہے ۔