بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیر اعظم کے استعفیٰ کیلئے مشترکہ قرار داد جمع

وزیر اعظم کے استعفیٰ کیلئے مشترکہ قرار داد جمع


لاہور ۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے لئے پنجاب اسمبلی میں مشترکہ قرار داد جمع کروا دی ۔ قرار داد پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ق) کے اراکین کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی خاندان سمیت جے آئی ٹی میں پیشی سے مسلسل پاکستان کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے،نواز شریف پانامہ کی حتمی تحقیقات تک مستعفی ہوجائیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ نوازشریف پانامہ کی حتمی تحقیقات تک مستعفی ہوجائیں،10جولائی کے بعد مشترکہ احتجاجی تحریک چلائیں گے، عوام حکمرانوں کیخلاف تحریک کی کال کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے (ن) لیگ میں عمران خان پر زیادہ تنقید کے زیادہ دام کی پالیسی نافذکردی، وفاقی وزراکوخود انکی جماعت کرپشن پر بلیک میل کرکے اداروں کیخلاف استعمال کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہونے کے خلاف بھی پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی گئی ۔

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں عوام. کی سہولت کے لیے بس سروس شروع کی لیکن لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،زیادہ تر بسیں مرمت نہ ہونے سے ورکشاپ میں کھڑی ناکارہ ہو چکی ہیں،مسافر بس سٹاپ پر کھڑے گھنٹوں ذلیل ہو رہے ہیں،اربوں روپے کی سبسڈی کے باوجود افسران بسوں کی مرمت کی بجائے اپنی جیبوں میں ڈال رہے ہیں۔