بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد ۔محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔ بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائنڈ نگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگئی ہیں، جو اگلے ہفتے کے وسط سے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپٹ میں لیں گی۔

پیر سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔منگل سے جمعرات کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی ۔اس دوران چند مقامات پر شدید اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔جمعے سے اتوار کے دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

بارشوں سے راولپنڈی،گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔وقفے وقفے سے بارش کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔