بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / دنیا بھر کے عجیب وغریب اور دلچسپ سکول

دنیا بھر کے عجیب وغریب اور دلچسپ سکول

لندن۔ دنیا بھر میں ایسے عجیب وغریب سکول مشہور ہیں جو یا تو اپنے محلِ وقوع یا پھر اپنی درس و تدریس کی وجہ سے مشہور ہیں۔ *ڈائن سکول:۔ امریکی شہر سیلم غیرمعمولی واقعات اور آسیب کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں ایک ڈائن (وِچ) سکول ہے یہ ایک چھوٹا سا سکول ہے۔ اس کا آغاز یکم اپریل 2009 ء میں کیا گیا تھا اور اسے شکاگو سے میساچیوسیٹس کے علاقے سیلم میں منتقل کیا گیا تھا۔ یہاں جادو‘ جادوئی تحریروں اور آسیب وغیرہ کے کورس پڑھائے جاتے ہیں اور ان کی آن لائن تدریس بھی کی جاتی ہے۔ اب تک یہاں سے ڈھائی لاکھ افراد گریجویشن کرچکے ہیں۔

بروکلِن فری سکول ، یہ سکول بھی امریکہ میں واقع ہے۔ سکول میں بچوں کو دو درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اول اپرکلاس کے بچے جن کی عمر 11 سے 18 برس ہے اور دوم لوئر کلاس کے بچے جن کی عمریں 4 سے 11 برس تک ہوتی ہیں۔ تمام بچوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جس طرح چاہیں علم حاصل کریں اور کسی بھی دوسری جماعت میں جاکر جتنا وقت گزارنا چاہیں تو اس کی بھی اجازت ہے۔ یہاں کوئی گریڈ نہیں دیا جاتا‘ امتحانات نہیں ہوتے اور ضروری نہیں کہ جماعت کی حاضری لازمی پوری کی جائے۔

چین کا پہاڑی سکول گولو، چین کے پہاڑی علاقے ہنی یوآن کے علاقے میں ایک سکول 1980ء کے عشرے میں قائم کیا گیا تھا جو آج گولو ایلیمنٹری سکول کے نام سے مشہور ہے۔ اس دورافتادہ سکول میں صرف ایک استاد ہے اور اسی نے سکول میں بیت الخلا اور باسکٹ بال کورٹ بھی بنایا ہے۔ استاد شین قی جون گزشتہ 18 برس سے یہاں بچوں کو پڑھا رہے ہیں۔ سکول تک آنے کیلئے بچوں کو تنگ راستوں‘ پہاڑی گھاٹیوں اور دشوار گزار علاقوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

ریلوے پلیٹ فارم سکول، بھارتی ریاسٹ اْڑیسہ میں 1985ء میں ایک خاتون استانی اندرجیت کھرانہ نے ایک عجیب و غریب سکول بنایا جو ریلوے پلیٹ فارم کا ایک حصہ ہے۔ اسی مناسبت سے یہ ریلوے پلیٹ فارم سکول کہلاتا ہے۔

زیرِزمین ایبو سکول، امریکہ میں واقع ایبو ایلیمنٹری سکول درحقیقت زیرِزمین ایک جنگی بنکر میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ بنکر ایٹمی حملے سے بچاؤ کیلئے بنایا گیا جو کبھی کام نہ آیا اور اب یہاں ایک بہت اچھا سکول قائم کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے کشتی سکو، بنگلہ دیش قدرتی آفات خصوصاً سیلابوں کی زد میں رہتا ہے۔ آئے دن سیلابوں سے بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوتی ہے۔ اس مسئلے کو دیکھتے ہوئے شیدولائی سوانروار سنگستھا نامی ایک تنظیم نے ایسے سکول‘ کلینک اور مکانات تعمیر کئے ہیں۔ اس وقت 100 کشتی سکول کام کررہے ہیں۔