بریکنگ نیوز
Home / کھیل / رافیل نڈال کو اپ سیٹ شکست، ومبلڈن سے باہر

رافیل نڈال کو اپ سیٹ شکست، ومبلڈن سے باہر

سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم ومبلڈن اوپن میں جائلز مُلر نے عالمی شہرت یافتہ اور ٹائٹل فیورٹ رافیل نڈال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا۔

لندن میں جاری گرینڈ سلیم ایونٹ میں لگزمبرگ کے مُلر نے پہلے دو سیٹ جیت کر عالمی نمبر چار نڈال سمیت سب کو حیران کردیا لیکن پھر ہسپانوی اسٹار نے اپنا تمام تر تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے میچ میں واپسی کی اور اگلے دونوں سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔

چوتھے راؤنڈ کے میچ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں سیٹ میں شاندار کھیل دیکھنے کو ملا جہاں نڈال اور مُلر دونوں نے شاندار کھیل پیش کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پانچویں راؤنڈ کا کھیل 28 گیمز تک چلا۔

بالآخر ساڑھے چار گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہنے والے مقابلے کے آخری سیٹ کے 28ویں گیم میں نڈال کی غلطی کا مُلر نے پورا فائدہ اٹھایا اور سیٹ جیت کر انہیں ایونٹ سے ناک آؤٹ کردیا، انہوں نے 6-3، 6-4، 3-6، 4-6 اور 15-13 سے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

ادھر عالمی شہرت یافتہ راجر فیڈرر نے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھے راؤنڈ میں گریگور دمتروو کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-2 اور 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

سات مرتبہ کے ومبلڈن اوپن چیمپیئن کا یہ کیریئر کا 50واں گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل اور 15واں ومبلڈن کوارٹر فائنل ہو گا جہاں ان کا مقابلہ میلاس راؤنک یا الیگزینڈر زیوریو سے ہو گا۔

خواتین کے مقابلوں میں بھی گربی مگوروزا نے پہلی سیڈڈ جرمنی کی انجلیق کربر کو پہلا سیٹ 4-6 سے ہارنے کے بعد اگلے دونوں سیٹ 6-4 اور 6-4 سے جیت کر ومبلڈن سے باہر کردیا۔

اس کے علاوہ اینڈی مرے، سویٹلانا کرنٹوسووا، مارلن سیلس، سیم کیوری اور جوہانا کونٹا نے بھی اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔