بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں کم لاگت کا تعمیراتی منصوبہ

خیبر پختونخوا میں کم لاگت کا تعمیراتی منصوبہ

پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیرِ صدارت منگل کے روزکم لاگت”خپل کور سکیم” کے منصوبے کیلئے اراضی کے حصول کے بارے میں ایک اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے کے تمام اضلاع کی اتنظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ سید وقارالحسن اور ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ سیف الرحمان عثمانی بھی موجود تھے ۔ انتظامیہ کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ نے بتایا کہ”خپل کور سکیم” صوبائی حکومت کا کم لاگت کا تعمیراتی منصوبہ ہے جس کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں تین کمروں اور دو واش رومز پر مشتمل پانچ مرلہ کے مکانات تعمیر کئے جائینگے ۔

لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے بھرکی ضلعی انتظامیہ بھر پور تعاون کر تے ہوئے مذکورہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے موزوں اراضی کی نشاندہی کریں ۔ اجلاس سے خطا ب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ “خپل کور سکیم”کم آمدن والے افراد کیلئے بڑی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے صوبے کی ایک کثیر آبادی اپنے ذاتی مکان کی مالک بن جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی مکان ہر کسی کا خواب ہوا کر تا ہے اور اس خواب کی تکمیل کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت نے یہ اہم ترین عوام دوست منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کی تکمیل سے انشا ء اللہ کم آمدنی والے آفراد مستفید ہونگے۔

انہوں نے انتظامیہ کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ موزوں اراضی کی نشاندہی کرنے میں خصوصی دلچسپی لیں تاکہ “خپل کور سکیم” کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ اجلاس میں منصوبے کے مالی اور دیگر اموربھی زیرِ غور آئے اور اس بارے میں کئی تجاویز پیش کی گئیں۔