بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغانستان میں ڈرون حملہ ٗ داعش کے اہم کمانڈر ز ہلاک

افغانستان میں ڈرون حملہ ٗ داعش کے اہم کمانڈر ز ہلاک

کابل۔افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 4اہم کمانڈروں سمیت 11جنگجو ہلاک ہوگئے ۔امریکی میڈیا کے مطابق مشرقی افغانستان میں مشتبہ امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں داعش کے چار اہم کمانڈروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یہ بات ننگرہار کے صوبائی سلامتی کے اہل کار نے بتائی ہے۔ ڈرون حملہ منگل کی رات گئے کیا گیاجس کی فوری طور پر پینٹاگان نے تصدیق نہیں کی۔ اس میں مشرقی صوبہ کنڑ میں داعش کے شدت پسندوں کو ہدف بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ داعش کے 11 شدت پسند ہلاک ہوئے جن میں چار کمانڈر بھی شامل ہیں۔

پولیس کے صوبائی سربراہ، جمعہ گل ہمت نے بتایا کہ ڈرون نے گمبیر کے علاقے میں داعش کے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا۔ داعش کے چار کمانڈروں کے علاوہ، حملے میں داعش کے سات لڑاکے بھی ہلاک ہوئے۔ہلاک ہونے والے کمانڈروں میں محمد رحمن بھی شامل ہے، جو دہشت گرد گروپ کے مالی امور کے سربراہ تھا اور نورا، جو صرف نام کے ایک ہی حصے سے جانا جاتا تھا، جن کا ذمہ صوبے میں نئی لڑاکا فورس بھرتی کرنا تھا۔

پولیس سربراہ کے مطابق، کارروائی میں، رحمن کا ایک بھائی بھی ہلاک ہوا۔سنہ 2015 کے اوائل میں، مشرقی صوبہ ننگرہار کے جنوبی علاقوں میں داعش کی صوبہ خوراسان کی خودساختہ شاخ نمودار ہوئی، جو علاقہ افغانستان اور پاکستان کے سنگلاخ علاقے میں واقع ہے۔یہ دہشت گرد گروپ مشرقی صوبہ ننگرہار کے متعدد اضلاع میں سرگرم ہے۔