بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اپوزیشن کا نواز شریف کیخلاف گھیرا تنگ کرنیکا فیصلہ

اپوزیشن کا نواز شریف کیخلاف گھیرا تنگ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کل جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا جس میں حتمی مشاورت کے بعد نواز شریف کیخلاف گھیرا تنگ کرنے اور قومی اسمبلی کے اجلاس کی ریکوزیشن سمیت اہم فیصلے کئے جائینگے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا یہ اجلاس صبح دس بجے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہوگا جس میں پانامہ کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں پیش کئے جانے کے بعد بننے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور حتمی مشاورت کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ سمیت قومی اسمبلی میں اجلاس کی ریکوزیشن کی بابت اہم نوعیت کے فیصلے کئے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر سمیت بیشتر اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم نواز شریف کے استعفی حکومت کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کے معاملے پر نہ صرف سرگرم بلکہ متحد ہوگئی ہیں اور آج بلائے گئے اجلاس کا مقصد بھی مذکورہ بالا معاملات کے حوالے سے حکمت عملی اپنانا ہے جبکہ حقائق بتا رہے ہیں کہ اپوزیشن کی حکمت عملی ایوان کے اندر اور باہر حکومت کو انتہائی ٹف ٹائم دے سکتی ہے دریں اثناء خورشید شاہ نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ آج اپوزیشن جماعتیں ملیں گی جس میں نواز شریف اور ان کی حکومت کیخلاف کوئی فائنل فیصلہ کرینگے۔