بریکنگ نیوز
Home / شوبز / شہری پر تشدد کے الزام میں سلمان خان کا باڈی گارڈ گرفتار

شہری پر تشدد کے الزام میں سلمان خان کا باڈی گارڈ گرفتار


ممبئی۔ بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے قریبی دوست اور باڈی گارڈ گرمیت سنگھ عرف شیرا کو پولیس نے شہری پر تشدد اور ہراساں کرنے کے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی مشکلات کسی صورت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں اور ہائیکورٹس کی جانب سے 2 مقدمات میں رہائی کے باوجود بھی سپریم کورٹ میں مقدمات زیر سماعت ہیں لیکن اب سلو میاں کے قریبی دوست اور باڈی گارڈ شیرا بھی اپنے مالک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقدمے میں پھنس گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا کے خلاف ایک شہری نے ممبئی کے پولیس اسٹیشن میں درخواست دائر کی ہے جس کے مطابق شیرا اور اس کے 2 ساتھیوں نے لنک روڈ پر واقع شراب خانے میں شہری کے ساتھ مارپیٹ کی اور اسے زدو کوب کیا جس کے باعث اسے شدید چوٹیں آئی ہیں اور ہنس کی ہڈی (کالر بون) ٹوٹ گئی ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے شیرا کو حراست میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ گرمیت سنگھ عرف شیرا 18 سال سے اداکار سلمان خان کے باڈی گارڈ ہیں جو ان کے ساتھ ساتھ رہتے ہیں۔