بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنیکا حکم

عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنیکا حکم


اسلام آباد۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے دونوں اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں کی قرقی کیلئے متعلقہ تھانوں اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کی۔سماعت کے دوران دونوں کی مسلسل غیر حاضری پر جائیداد کی قرقی کا حکم جاری کیا گیا۔

اے ٹی سی اسپیشل کورٹ کے جج نے دونوں اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں کی قرقی کیلئے متعلقہ تھانوں اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کو نوٹسز جاری کیے جبکہ آئندہ پیشی کی تاریخ 20 جولائی مقرر کردی۔واضح رہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری پر 2014 دھرنے کے دوران ریڈ زون میں توڑ پھوڑ اورسرکاری ٹی وی چینل پر حملے سی مت سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اسلام آباد کو زخمی کرنے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ 2014 میں اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے دوران مشتعل افراد نے یکم ستمبر کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا تھا جس کی وجہ سے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی تھیں حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں تقریباً 70 افراد کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس ٗپی ٹی وی اور سرکاری املاک پر حملوں اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام کے تحت انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔