بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / محمد عاطف کا بڑے بڑے برج گرانے کا دعویٰ

محمد عاطف کا بڑے بڑے برج گرانے کا دعویٰ


پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے کہاہے کہ عوام تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہو کر ہی ملک کو بحرانوں اور اندھیروں سے نکال سکتے ہیں۔ملک میں پہلی بار کرپشن کے بڑے بڑے برج الٹنے والے ہیں ۔صوبائی حکومت نے عوام کے فلاح وبہبود کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی۔وہ یونین کونسل فاطمہ میں ڈیڑ ہ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ پرائمری سکول عزیز آباد کے افتتاح اور بعدازاں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

عاطف خان نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کے جان و ما ل کے تحفظ کویقینی بنانے میں کامیاب ہو چکی ہے اور آئندہ انتخابات میں ملکی سطح پر کامیابی حاصل کرکے ملک سے کرپشن اور لاقانونیت سمیت بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جو جہاد شروع کیا ہے اسمیں وہ سرخرو ہو چکے ہیں۔

کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی تحریک کی بدولت وزیر اعظم کو احتساب کے کٹہرئے میں لایا گیا ہے انہوں نے یونین کونسل فاطمہ کے باسیوں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے30میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جس کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔