بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / راول ڈیم کے پانی میں زہر ملائے جانے کا انکشاف

راول ڈیم کے پانی میں زہر ملائے جانے کا انکشاف


اسلام آباد۔راول ڈیم میں مبینہ طور پر زہر ملائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس سے منوں کے حساب سے مچھلیاں ہلاک ہوگئی ہیں۔گزشتہ روز راول ڈیم کے پانی میں مبینہ طور پر زہر ملانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے نتیجے میں مچھلیاں ہلاک ہونا شروع ہوگئی ہیں اور اب تک منوں کے حساب سے مچھلیوں کی ہلاکت ہوچکی ہے۔

محکمہ فشریز کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم میں مچھلیاں پکڑنے اور کشتی رانی پر پابندی عائد ہے جس کی وجہ سے مافیا کو مچھلیاں پکڑنے سے روکنے پر اس نے ڈیم کے پانی میں زہر ملا دیا جس سے اب تک منوں کے حساب سے مچھلیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔

حکام کے مطابق راول ڈیم سے پینے کے لیے بھی پانی فراہم کیا جاتا ہے اس لیے پانی میں زہر ملائے جانے کے بعد پینے کا پانی بھی زہریلا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ڈیم کا پانی شدید آلودہ ہوچکا ہے جب کہ زہر ملانے سے متعلق حتمی رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد ہی بتایا جاسکے گاکہ ڈیم میں کس قسم کا زہر ملایا گیا۔ڈیم میں مبینہ طور پر زہر ملانے کا مقدمہ محکمہ فشریز کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان واسا کا کہنا ہیکہ واسا کو پانی زہریلا ہونے کی اطلاع سمال ڈیم آرگنائزیشن دیتا ہے اور راول ڈیم کے پانی میں زہریلے مواد سے متعلق ابھی تک متعلقہ ادارے نے اطلاع نہیں دی۔

ترجمان نے بتایا کہ راول ڈیم سے آنے والے پانی کا روزانہ ٹیسٹ کیا جاتا ہے، اس پانی میں زہریلے مواد کے شواہد بھی نہیں ملے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کی اطلاع ملی تو شہریوں کو فوری مطلع کریں گے۔