بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیراعظم اپنی صفوں میں برادران یوسف ڈھونڈیں ٗ کائرہ

وزیراعظم اپنی صفوں میں برادران یوسف ڈھونڈیں ٗ کائرہ

اسلام آ باد۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ میاں صاحب قوم کو سامنے آکر بتائیں ان کیخلاف کون سازشیں کررہا ہے ٗہمیں توکوئی سازش نظر نہیں آرہی ٗ سازش ہے تو پیپلزپارٹی اس کیخلاف کھڑی ہوکر جمہوریت کو بچائیگی ٗ

وزیر اعظم باہر مت دیکھیں ٗ اپنی صفوں میں برادران یوسف ڈھونڈیں ٗ جے آئی ٹی کو گالیاں دینے سے کام نہیں چلے گا ٗ رپورٹ کو ثبوتوں کے ساتھ مسترد کریں ۔ہفتہ کو ندیم افضل چن و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہاکہ نواز شریف باہر مت دیکھیں بلکہ اپنی صفوں میں برادران یوسف ڈھونڈیں کیونکہ آج کل بہت سے وزرا امید لگائے بیٹھے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہاکہ 1970 میں 10 مرلے کی بھٹی سے اربوں ڈالر کا سرمایہ کیسے ہوگیا؟ اربوں کی جائیدادیں نکلیں، بچے بادشاہ بن جائیں اورآپ کہیں کہ سازش ہورہی ہے۔ میاں صاحب قوم کو سامنے آکر بتائیں ان کے خلاف کون سازشیں کررہا ہے کیوں کہ ہمیں کہیں کوئی سازش نظر نہیں آرہی، اگر سازش ہے تو پیپلزپارٹی اس کے خلاف کھڑی ہوگی اور ہم جمہوریت کو بچالیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہاکہ جے آئی ٹی کو گالیاں دینے سے کام نہیں چلے گا ۔

رپورٹ کو ثبوتوں کے ساتھ مسترد کریں اور اب بھی وقت ہے کہ استعفیٰ دے دیں، گھٹ گھٹ کر مرنے سے بہتر ہے قوم کو راز بتادیں ٗ نواز شریف بتادیں کہ ضیاء الحق نے وہ کون سے راز آپ کو بتائے تھے ٗسپریم کورٹ پر حملہ کرنے کا راز بتا دیں ، مودی سے دوستی کا رازبتا دیں ، اسامہ بن لادن سے پیسا لے کر جمہوری حکومت گرانے کی کوشش کا راز بتا دیں ، پیسوں سے بھرے بیگ بھیج کر ججوں کے خلاف کرائے گئے فیصلوں کا راز بتا دیں۔

ایل این جی کی ڈیل اور بادشاہوں سے دوستی کا راز کھول دیں۔ میاں صاحب کواربوں روپے کے تحفے ملتے ہیں لیکن جب وہ پھنس جاتے ہیں تو مظلومیت کا رونا شروع کردیتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہاکہ آپ کی حکومت ختم ہونے پر پیپلزپارٹی اور بی بی نے آپ کیلئے جدوجہد کی تاہم آپ رات کے اندھیرے میں سیاسی جماعتوں کو دغا دے کر چلے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب مشرف نے آپ کو نکالا تو آپ نے دومرتبہ واپس آنے کی کوشش کی مگر بی بی شہید واپس آئیں تو آپ کے آنے کے راستے کھلے، آپ کو تو پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا لیکن میاں صاحب نے بی بی شہید کے خلاف سازشیں کیں جبکہ بی بی نے کہا تھا کہ وقت آئیگا جب نوازشریف مجھے اور میرے والد کو یاد کرکے روئے گا، دیکھ لیں آج آپ کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو یاد آرہے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دراصل میاں صاحب کی کوشش ہے کہ عدالت سے لڑائی ہوجائے ۔ انہوں نے کہاکہ مریم نوازکی لشکر کے ساتھ ایک پیشی ہوئی اور چیخیں نکل گئیں ٗمیاں صاحب آپ تو بی بی کی خود تذلیل کراتے تھے ،ان کے پوسٹر چھپواتے تھے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ اگر یہ الزامات پیپلزپارٹی پر لگتے تو ہم پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات ہوجاتے۔پی پی رہنما نے کہا کہ بھٹو نے جمہوریت اور عوام کی لڑائی لڑی بتائیں ٗآپ نے کونسی لڑائی لڑی ؟میاں صاحب آپ بے فکر رہیں جمہوریت بچانے کیلئے ہم ہیں ٗاگر سازش ہے تو پیپلزپارٹی اس کے خلاف کھڑی ہوگی ۔قمر زمان کائرہ نے شہبازشریف کو مخاطب کرکے کہا کہ ڈرامے کرنے سے ،مائیک گرانے سے ٗنقل اتارنے سے کوئی بھٹو نہیں بن سکتا۔