بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کیلئے آسٹریلیا طرز کا نظام لانے پر غور

ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کیلئے آسٹریلیا طرز کا نظام لانے پر غور

اسلام آباد ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیونے عالمی بینک کے تعاون سے ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کے لیے آسٹریلیا کی طرز پر پاکستان میںآٹومیٹڈ رسک مینجمنٹ سسٹم کے پائلٹ پروجیکٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آر یونیو کی اعلی سطح کی ٹیم گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں نافذ رسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے گئی تھی اور اس ٹیم نے واپس آکر رسک مینجمنٹ سسٹم کا پائلٹ پروجیکٹ تیار کرنا شروع کردیا ہے، پروجیکٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے تاہم ابھی اس پر بہت سا کام ہونا باقی ہے جس کے بعد اس پائلٹ پروجیکٹ کو حتمی شکل دے کر چیئرمین ایف بی آر کو بھجوایا جائے گا۔

ایف بی آر کی ٹیم عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان کے لیے رسک مینجمنٹ سسٹم کا سافٹ ویئر بھی تیار کر رہی ہے، اس سافٹ ویئر کی تیاری کے بعد پائلٹ پروجیکٹ کو نافذالعمل کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور عالمی بینک مشن کے درمیان آٹومیٹڈ رسک مینجمنٹ سسٹم کے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کے بارے میں معاملات طے پا چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے تعاون سے ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف شعبوں کے لیے الگ الگ پیرامیٹرز متعارف کرائے جائیں گے اور ہر شعبے کے لیے الگ الگ سافٹ ویئر ہوگا جس کے ذریعے مطلوبہ صلاحیت سے کم ٹیکس دینے والوں کی نشاندہی ہوسکے گی۔

اس جدید نوعیت کے حامل رسک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ٹیکس دہندگان کی جانب سے ان کے ظاہر کردہ اخراجات و آمدنی میں فرق کے علاوہ دیگر اعدادوشمار میں بڑے پیمانے پر فرق کی نشاندہی کرکے ان کا رسک بیسڈ آڈٹ کیا جاسکے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ابھی ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ٹیکس پروفائل و دستاویز کے مینوئل اینالسز کے ذریعیے کم ٹیکس دینے والوں کا سراغ لگاتا ہے۔