بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / جنیوا میں جاری شامی امن مذاکرات کسی پیش رفت کے بغیر ختم

جنیوا میں جاری شامی امن مذاکرات کسی پیش رفت کے بغیر ختم


جنیوا ۔اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹافن ڈی میستورا نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شام امن مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے اور نہ کسی گروپ نے بائیکاٹ کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسٹافن ڈی میستورا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ویڈیو کے ذریعے شام کی صورت حال اور امن مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا اور یہ توقع ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا موقف واضح کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہی اب ہر سطح پر موضوع بحث ہے۔

واضح رہے کہ شامی حکومت گذشتہ سال اقوام متحدہ کے زیر اہتمام امن مذاکرات کے آغاز کے بعد سے دہشت گردی کے موضوع پر بات چیت کا مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے۔چنانچہ اس موضوع کو بھی اس سال کے اوائل میں نئے آئین ،نئے انتخابات اور اصلاحات کے ساتھ مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا تھا۔

تاہم حزب اختلاف کی اعلی مذاکراتی کمیٹی سیاسی انتقال اقتدار پر اصرار کررہی ہے۔لیکن ڈی میستورا کے بہ قول صدر بشارالاسد کے مذاکرات کاروں نے انتقالِ اقتدار پر بات چیت کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی برادری اس تنازعے کے جلد خاتمے کے لیے اقدامات کرتی ہے تو مجھے یقین ہے کہ پھر شامی حکومت سیاسی عمل کے حل پر بات چیت پر آمادہ ہو جائے گی انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ ستمبر میں مذاکرات کے آیندہ دور میں تمام فریقوں کو ایک ہی کمرے کی چھت تلے مذاکرات کی میز پر بٹھانے پر کامیاب ہوجائیں گے۔