بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عمران خان جیسا بے شرم آدمی نہیں دیکھا، خواجہ سعد رفیق

عمران خان جیسا بے شرم آدمی نہیں دیکھا، خواجہ سعد رفیق


اسلام آباد۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان جیسا بے شرم آدمی نہیں دیکھا، ایک ایسا آدمی جو اداروں کے احترام کی بات کرے اور اداروں پر قبضہ کرے اُسے آپ کیا کہیں گے؟ وہ بہت بہکی بہکی باتیں کرنے لگے ہیں اُن کا معائنہ کروایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے سنگین الزامات بھی لگائے۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے تلاشی مانگنے کی بجائے تلاشی آپ دیں۔

عمران خان صاحب آپ بابائے آف شور ہیں، تلاشی کی باتیں کرنے والوں کی جامع تلاشی ہونے والی ہے

آپ کی تلاشی لی گئی تو آپ کی جیب سے پڑیاں اور آف شور کمپنیاں نکلیں گی۔ آپ نے سیاستدانوں کی تضحیک کی، پی پی سے مدد مانگی اور قیادت کو بھی بولا، اپنی جماعت میں بھی آپ کسی کی عزت نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دھرنے میں وعدہ خلافی کی گئی، ریاستی اداروں پر حملہ ہوا، پی ٹی وی پر قبضہ ہوا تو ایک دوسرے کو مبارک باد دی گئی۔

126 دن کا دھرنا دیا اور کفن پوش بھی آگئے تھے۔ دھاندلی کا شور کیا گیا، چینی صدر پاکستان آرہے تھے مگر آپ نے دھرنا کر دیا۔ آپ کا مینڈیٹ کیا تھا، خود جس کا حصہ تھے اُس پارلیمنٹ کو برا کہا گیا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد عدالت نے دو نومبر کا دھرنا روکنے سے متعلق اہم فیصلہ کیا، ہم عدالت کے احکامات پر مکمل عملدر آمد کروائیں گے۔

عدالت کے احکامات کا انکار کر کے عمران خان توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے حکومت عوام کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کی ذمہ داری حکومت کی ہے ہر صورت حفاظت کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے شیخ رشید پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے 10 مرلہ زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، وہ پریشان نہ ہوں بلکہ سرکاری خزانے میں پیسے جمع کروادیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ جو باتیں طاہر القادری نے کیں وہی باتیں آج عمران خان کررہے ہیں، حکومت کے خلاف جلسے کرنا آپ کا جمہوری اور آئینی حق ہے۔

حکومت نے کشمیر کے معاملے پر جوائنٹ سیشن بلوایا مگر آپ نے بائیکاٹ کیا، آپ نے دشمن کو موقع دیا کہ وہ پاکستان کا مذاق اڑائے۔ شہر بند کروانا دشمن کا ایجنڈا ہے ، خان صاحب کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔