بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف عہدہ پر فائز رہ کر نیا باب رقم کر سکتے ہیں

نواز شریف عہدہ پر فائز رہ کر نیا باب رقم کر سکتے ہیں

پشاور۔مزید دو ماہ اپنے عہدہ پر فائز رہ کر وزیراعظم نوازشریف سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا ریکارڈ توڑ اورپانچ سال کی مدت پور ی کرکے نیا ریکارڈ بناسکتے ہیں چنانچہ پانامہ کیس پر ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں سیاسی حلقو ں میں ملین ڈالر کاسوال گردش کرنے لگاہے کہ کیا نوازشریف اپنی مدت پوری کرکے تاریخ رقم کرپائیں گے قبل ازیں ملک کاکوئی وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکاہے ملک کے پہلے عام انتخابات کے بعد ذوالفقارعلی بھٹونے آئین بننے کے بعد14اگست 1973کو وزارت عظمیٰ کاحلف اٹھایا اوربعدازاں انہوں نے اپریل 1977ء میں الیکشن کرائے یو ں پہلی مدت کے لیے تین سال آٹھ ماہ وزیر اعظم رہے جبکہ دوسر ی مدت کے لیے محض تین ماہ ہی اس عہدے پر فائز رہ سکے بعداز اں بے نظیربھٹوپہلے دور میں محض بیس ماہ اور دوسرے دورمیں تین سال ایک مہینہ حکمران رہیں ۔

محمد خان جونیجو نے اس منصب پر تین سال ایک ماہ کاعرصہ گذارا شوکت عزیر تین سال تین ماہ تک وزیر اعظم رہے جبکہ اب تک سب سے طویل عرصہ تک یوسف رضا گیلانی وزارت عظمیٰ پرفائز رہے انکا عرصہ اقتدار چارسال تین ماہ رہا یوں کوئی بھی وزیر اعظم اپنی آئینی پانچ سالہ مدت پوری کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا میاں نوازشریف پہلے دور میں دوسال سات ماہ جبکہ دوسرے دور میں دوسال آٹھ ماہ وزیر اعظم رہے اوراب ان کو یہ منصف سنبھالے ہوئے چار سال ایک ماہ کاعرصہ ہوگیا ہے سیاسی حلقوں کے مطابق اگر میاں نوازشریف اس بحران سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ اپنی آئینی مدت پوری کرسکتے ہیں یوں وہ پانچ سال تک مسلسل اس عہدہ پر فائزرہ کرملک کی سیاست میں نیاباب رقم کرسکتے ہیں جس کی وجہ آج پوری قوم کی نظریں عدالت عظمیٰ پرلگی ہوئی ہیں