بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / امریکی سینیٹر جان مکین کو خطرناک مرض لاحق

امریکی سینیٹر جان مکین کو خطرناک مرض لاحق

واشنگٹن۔امریکہ کے بااثر سیاستدان اورری پبلکن جماعت کے رہنما سینیٹر جان مکین کے برین کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر سیاستدانوں نے جان مکین کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن جماعت کے رہنما اور امریکی سینیٹ کے سینئر رکن جان مکین کے دماغ کے سرطان میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی ریاست ایریزونا سے منتخب سینیٹرمکین کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص گزشتہ ہفتے ایک سرجری کے بعد ہوئی ہے جس میں ڈاکٹروں نے 80 سالہ سینیٹر کے بائیں آنکھ کے پیچھے جمع ہونے والا پانچ سینٹی میٹر کا خون کا ایک لوتھڑا نکالا تھا۔

ایریزونا کے دارالحکومت فینکس کے ‘مایو کلینک اسپتال’ کی انتظامیہ کے مطابق لوتھڑے کے لیبارٹری میں تجزیے سے پتا چلا ہے کہ سینیٹر مکین ‘گلیو بلاسٹوما’ نامی برین ٹیومر کا شکار ہیں۔سینیٹر مکین کے دفتر کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر کے ڈاکٹروں کے مطابق وہ اپنی سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور ان کی صحت بہت بہتر ہے۔بیان کے مطابق ‘مایو کلینک’ کے ڈاکٹروں کی ٹیم باہم مشاورت کیبعد ہی یہ بتا سکے گی کہ سینیٹر مکین کب تک اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کے قابل ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق سینیٹر مکین کے اہلِ خانہ ان کے مزید علاج سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔

کینسر کا علاج عموما کیمو تھراپی اور ریڈی ایشن پر مشتمل ہوتا ہے جو ایک طویل اور تکلیف دہ عمل ہوتا ہے۔سینیٹر مکین سابق فوجی ہیں اور امریکہ کی طرف سے ویتنام کی جنگ میں بھی شریک رہ چکے ہیں۔وہ گزشتہ 30 سال سے امریکی سینیٹ کے رکن ہیں اور ان کا شمار ری پبلکن جماعت کے چوٹی کے رہنماوں میں ہوتا ہے۔سینیٹر مکین پہلی بار 1986 میں امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے جب کہ وہ 2008 کے صدارتی انتخابات ری پبلکن جماعت کے امیدوار بھی تھے لیکن وہ یہ انتخاب امریکہ کی تاریخ کے پہلے سیاہ فام صدر براک اوباما سے ہار گئے تھے۔

وہ اس سے قبل بھی جلد کے سرطان کی سب سے خطرناک قسم میلانوما سمیت مختلف عارضوں کا شکار رہ چکے ہیں جن کی بڑی وجہ 1967 سے 1973 کے دوران ویتنام میں جنگی قیدیوں کے کیمپ میں ان کا حراست میں رہنا بتایا جاتا ہے جہاں انہیں سخت مشکل حالات سے گزرنا پڑا تھا۔طبی حکام کے مطابق ‘گلیوبلاسٹوما’ سرطان کی ایک خطرناک قسم ہے جس کے نتیجے میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی میں ٹیومر بن جاتے ہیں۔

امریکی سینیٹ کے ایک اور دیرینہ رکن اور سابق صدر جان ایف کینیڈی کے بھائی سینیٹر ٹیڈ کینیڈی کا بھی سرطان کی اسی قسم کی وجہ سے 2009 میں انتقال ہوا تھا۔امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سینیٹر جان مکین کے سرطان میں مبتلا ہونے کی خبر پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹر جان مکین کی قیادت میں امریکی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا تھا۔