بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / مشال قتل کیس ٗمردان جیل کی رپورٹ پیش

مشال قتل کیس ٗمردان جیل کی رپورٹ پیش

پشاور۔پشاورہائی کورٹ نے مشال قتل کیس کی سماعت دوسرے ضلع منتقل کرنے کے لئے دائردرخواست کی سماعت 27جولائی تک ملتوی کردی جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مردان نے مردان جیل میں مقدمے کی سماعت کیلئے رپورٹ عدالت میں داخل کردی ہے جسے سربمہر رکھا گیا ہے رپورٹ پرسماعت آئندہ پیشی پرہوگی عدالت عالیہ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پرمشتمل دورکنی بنچ نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں بے دردی سے قتل کئے جانے والے طالبعلم مشال خان کے والد اقبال خان کی جانب سے دائررٹ پٹیشن کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ مشال قتل کیس انتہائی حساس نوعیت کاکیس ہے اورکیس کی سماعت ابھی شروع نہیں ہوئی اورانہیں مختلف اقسام کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔

لہٰذامقدمے کی سماعت مردان کی بجائے ہری پوریاکسی دوسرے ضلع میں کی جائے پٹیشن کی سماعت کے موقع پر مردان جیل معائنہ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ سیشن جج نے رپورٹ جمع کرائی جسے سربمہر رکھا گیا ہے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل قیصرعلی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے درخواست دائرکی جارہی ہے تاکہ مقدمے کی سماعت کرنے والے جج اور سرکاری گواہوں کے تحفظ کویقینی بنایاجائے عدالت نے اس موقع پرانہیں تین روزمیں درخواست دائرکرنے کاحکم دے دیا۔

اس موقع پرملزموں کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کہ کافی وقت گذرچکاہے لہٰذامقدمے کی سماعت کا آغازکیاجائے جس پرفاضل بنچ نے کہاکہ مقدمے کی سماعت سے قبل ہرپہلوکاجائزہ ضروری ہے اوراس حوالے سے تمام اقدامات کرنے کے بعد ہی مقدمے کی سماعت ہوگی عدالت نے بعدازاں مقدمے کی سماعت 27جولائی تک ملتوی کردی ۔