بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اسحاق ڈار کے ٹیکس کا 34 سالہ ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش

اسحاق ڈار کے ٹیکس کا 34 سالہ ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش

اسلام آباد۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے وکیل طارق حسن نے اپنے موکل کے ٹیکس کا 34 سالہ ریکارڈ ایک بڑے کارٹون میں بند کر کے پاناما عملدرآمد بینچ کے سامنے پیش کر دیا۔ طارق حسن کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ انہوں نے اسحاق ڈار کے حوالے سے عدالت کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ اسحاق ڈار کے ٹیکس کا 34 سالہ ریکارڈ ہم نے پیش کر دیا ہے۔

اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ڈبے کو دیکھتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ باکس پر بڑا بڑا ٹیکس ریکارڈ لکھنا کیا ہمارے لئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ ڈبا سارا دن ٹی وی کی زینت بنا رہے گا۔ اس پر طارق حسن کا کہنا تھا کہ سنا ہے جے آئی ٹی نے بھی ڈبے کے ساتھ کچھ ایسا ہی کیا تھا اور جے آئی ٹی کا ڈبا بھی ٹی وی کی زینت بنا رہا۔ اس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ کیا آپ جے آئی ٹی کو فالو کر رہے ہیں یہ جو ڈبے پر بڑا بڑا 34 سالہ ٹیکس ریکارڈ لکھ کر لائے ہیں ۔ جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ سوچ رہا ہوں کہ اتنا بڑا باکس سکیورٹی سے کلیئر کیسے ہو گیا۔