بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / میکسکومیں تتلیوں کا جنگل شدید خطرات سے دوچار

میکسکومیں تتلیوں کا جنگل شدید خطرات سے دوچار


میکسکو: میچیوآکان میکسکو کا ایک اہم جنگل ہے جہاں ہرسال امریکا اورکینیڈا سے کروڑوں تتلیاں 2500 میل کا سفر طے کرنے کے بعد آرام کے لیے آتی ہیں لیکن اب تتلیوں کے اس جنگل کو انسانی مداخلت سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

ہرسال کرہ ارض پرنارنجی اورسیاہ تتلیوں کی سب سے بڑی نقل مکانی ہوتی ہے اورمیچیوآکان میں تتلیوں کا مسکن تتلیوں سے بھر جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ گویا میلوں دور تک تتلیوں کا قالین بچھا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سارے درخت ان تتلیوں سے بھرجاتے ہیں۔

یہ تتلیاں ڈیٹرائٹ، ونی پیگ اور ٹورنٹو جیسے علاقوں سے پرواز کرکے ہزاروں کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ہرسال عین اس مقام پر پہنچتی ہے۔ یہ عمل آج بھی ایک معمہ بنا ہوا ہے لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ مونارک تتلیاں سورج ، ستاروں اور زمین کے مقناطیسی میدان کو کام میں لاکر اتنا طویل فاصلہ طے کرتی ہیں۔

ہرسال میچیوآکان میں اکتوبر کا مہینہ تتلیوں کا آمد کا وقت ہوتا ہے اورتتلیاں اگلے پانچ ماہ یہاں گزارتی ہیں۔ تتلیوں کے وزن سے درختوں کی شاخیں بھی مڑجاتی ہیں جب کہ ہرسال فروری اور مارچ کا مہینہ ان تتلیوں سے بھرا ہوا ہوتا ہے اور خوبصورت تتلیوں سے پورا جنگل نارنجی ہوجاتا ہے لیکن یہاں درخت کٹنے سے اب تتلیوں کے عارضی گھر اجڑ رہے ہیں اور اب تک نو ہیکٹر جنگلات تباہ کئے جاچکے ہیں۔

ناکافی افرادی قوت کی وجہ سے ٹمبر مافیا اب بھی سرگرم ہے اورجنگل انتظامیہ نے مزید اختیارات اور افرادی قوت کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی جنگل میں سونے، چاندی اورتانبے کی ایک کان بھی موجود ہے جسے 25 سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے اوراس کی آلودگی تتلیوں کے اس مسکن کے لئے موت کا پیغام ثابت ہوگی، دوسری جانب فصلوں پرکیڑے مارادویات سے بھی تتلیاں موت کی شکار ہورہی ہیں۔