بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / چین نے بھارت کو احمق ملک قرار دیدیا

چین نے بھارت کو احمق ملک قرار دیدیا


بیجنگ ۔ چینی وزارت دفاع نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ چین کی فوجی صلاحیتوں پر کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پہاڑ ہلانا آسان جبکہ چین کی لبریشن آرمی کو ہلانا بہت مشکل ہے۔ بیجنگ میں چینی وزارت دفاع کے ترجمان ’وو کیان‘ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چینی فوج کی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل مضبوطی اور بہتری آئی ہے، پہاڑ کو ہلانا آسان جبکہ چینی لبریشن آرمی کو ہلانا بہت مشکل ہے، چینی فوج اپنے علاقے کے دفاع کے لیے کوئی دخل اندازی برداشت نہیں کریگی اور وہ اچھے طریقے سے اپنی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کر سکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو تمام معاملات تقدیر کے حوالے نہیں کرنے چاہئیں اور احمقوں کی جنت میں نہیں رہنا چاہیے اور مسئلے کے حل کی طرف بڑھنا چاہیے۔ ووکیان کا کہنا تھا کہ چینی فوج نے سکم بارڈر پر ہنگامی اقدامات مکمل کرلیے ہیں جس کے بعد محاصرے اور مشقوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ ہم بھارت کو کہیں گے کہ اپنی غلطی سدھارنے کیلئے حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائے اور چین کے ساتھ مل کر سرحدوں کو محفوظ بنائے اور امن عمل میں کردار ادا کرے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی یہ واضح کرچکے ہیں کہ بیجنگ بھارت کے ساتھ طویل المدتی جنگ کیلئے بھی تیار ہے اور نئی دہلی کی کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا بھارت حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے متنازعہ علاقے سے اپنی فوجوں کو واپس بلائے بصورت دیگر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا واضح رہے کہ بھارت نے کچھ عرصہ قبل بھوٹان کے کہنے پر سکم بارڈر پر بھاری فوج کے ساتھ چین کے علاقے میں مداخلت کی جس کے بعد سے دونوں ملکوں میں تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ادھر چین کی جانب سے سکم کے معاملے پر سخت رویے کے بعد بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ستائیس جولائی سے بیجنگ میں شروع ہونے والی برکس این ایس اے کانفرنس میں بھی شرکت کیلئے جارہے ہیں جس میں امکان ہے کہ وہ سکم کے معاملے پر چینی حکام سے بات چیت کرینگے ۔