بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / صوابی میں ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ سٹی کی تعمیر آخری مراحل میں

صوابی میں ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ سٹی کی تعمیر آخری مراحل میں

پشاور ۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پاکستان ائیر فورس کے تعاون سے ضلع صوابی میں ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ سٹی کے قیام سمیت صوبے میں دیگرکئی اہم منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔صوابی کی تحصیل چھوٹا لاہور میں نبی کے مقام پر ایک ہزار کنال اراضی پر پی اے ایف کیڈٹ کالج،ڈگری کالج،300 بستروں کے جدید ہسپتال اور خواتین کے لئے ووکیشنل سینٹر کی تعمیرکے ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے اور ستمبر کے مہینے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیڈٹ کالج کا باقاعدہ افتتاح کریں گے اس امر کا اعلان انہوں نے پیر کے روز چھوٹا لا ہور کے گاؤں نبی میں پی اے ایف کے حکام کے ہمراہ منصوبے کی جگہ کے معائنے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر پاکستان ائیر فورس کے اعلیٰ حکام ،تحصیل ناظم چھوٹا لاہور سہیل احمد،پی ٹی آئی ضلع صوابی کے صدر انور حقداد کے علاوہ ضلع وتحصیل ممبران او ر علاقہ عمائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپیکر اسد قیصر نے منصوبے کے لئے مختص جگہ کا معائنہ کیا اور اس موقع پر ائیرفورس کے متعلقہ حکام نے منصوبے کے حوالے سے سپیکر کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔حکام نے بتایا کہ منصوبے کے ماسٹر پلان پر کام جاری ہے جبکہ باؤنڈری وال کا ڈیزائن مکمل کرلیا گیا ہے حکام نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت اور مقامی آبادی کے بھرپو ر تعاون سے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اورستمبر کے مہینے میں کیڈٹ کالج کے باقاعدہ افتتاح کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

حکام نے آگاہ کیا کہ اس منصوبے میں کیڈٹ کالج کے علاوہ پی اے ایف ڈگری کالج،300 بستروں کے ہسپتال اور خواتین کے لئے ووکیشل سینٹراور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر بھی شامل ہے۔اس موقع پر سپیکراسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبے میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جو صوابی کے عوام کے لئے عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔سپیکر نے کہا کہ موضع نبی کے عوام نے منصوبے کے لئے ایک ہزار کنال مفت اراضی فراہم کرکے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے بڑی قربانی دی ہے جس سے علاقے کی آئندہ نسلوں کا مستقبل تابناک ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ائیر فورس حکام سے منصوبے میں گائنی ہاسپٹل کے قیام کے لئے بات کی جائے گی تاکہ زچہ و بچہ کو طبی سہولتیں مقامی سطح پر فراہم کی جاسکیں۔اسد قیصر نے کہا کہ منصوبہ صوابی کی ترقی میں اہم کردار اد ا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ سٹی کے قیام سے نبی کے عوام کو مفت تعلیم کے علاوہ روزگار کے بھرپور مواقع میسر آسکیں گے اور علاقے کی معاشی ترقی میں بھی بھرپور اضافہ ہوگا۔