بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پشاور میں ڈینگی وائرس نے پھر سر اٹھا لیا

پشاور میں ڈینگی وائرس نے پھر سر اٹھا لیا

پشاور۔صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی وائرس نے ایک شخص کی جان لے لی جبکہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 41تک پہنچ گئی ٗ محکمہ صحت نے متاثرہ علاقے سے پانی کے تجزیے کا فیصلہ کرلیا سرکاری دستاویزت کے مطابق ڈینگی وائرس سے تہکال پایان کے رہائشی عابد ولد وارث خان جاں بحق ہو چکا ہے ٗ تہکال پایان سے ہی اب تک 41افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جو خیبر ٹیچنگ ہسپتال سمیت پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کی زیر صدارت اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی ٗ اے سی پشاور ٗ ڈی ڈی ایچ او ٗ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ٗ ٹی او ٹاؤن ون ٗ چیف آفیسر ٹاؤن تھری اور سی ایم آئی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں تہکال پایان میں پانی کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شعبہ بازار سمیت دیگر علاقوں میں دکانوں کے باہر ٹائروں میں پانی رکھنے اور ندی نالوں میں گند پھینکنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے ڈپٹی کمشنر پشاور ثاقب رضا اسلم کی جانب سے حکم نامے کے مطابق پابندی ایک ماہ تک قائم رہے گی جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف پولیس کو 188پی پی سی کے تحت کاروائی کی ہدایت کی ہے ۔