بریکنگ نیوز
Home / کھیل / عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا امکان مسترد کر دیا

عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا امکان مسترد کر دیا


لاہور:  پیسر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا امکان مسترد کر دیا۔

ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں عامر نے کہاکہ ایک کھلاڑی کو ہر فارمیٹ کیلیے اپنی فٹنس کا معیار برقرار رکھنے کیلیے سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے،کم بیک کے بعد میں نے ابتدا میں تھوڑی مشکلات کا سامنا کیا لیکن اب مکمل فٹ اور تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کیلیے تیار ہوں۔

عامر نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس زندگی کا مشکل ترین وقت تھا، اس وقت کیریئر عروج پر تھا لیکن پابندی کا شکار ہو گیا، میں5سالہ وقفے کے بعد زیادہ مضبوط ہوکر سامنے آیا ہوں،میری نوجوان کرکٹرز سے درخواست ہے کہ کبھی آگے بڑھنے کیلیے آسان راستوں کا انتخاب نہ کریں، مسلسل محنت اور کوشش سے ملنے والی کامیابی دیرپا ہوتی ہے۔

پیسر نے کہا کہ پاکستانی پرستاروں کی توقعات بہت زیادہ اور اس وجہ سے کارکردگی متاثر بھی ہوتی ہے، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اسپاٹ فکسنگ کیس کے بعد بطور کرکٹر اور انسان زیادہ پختہ ہوگیا اور اب دباؤ برداشت کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتا ہوں،میں کوشش کرتا ہوں کہ توقعات سے گھبرانے کے بجائے ان کو کارکردگی دکھانے کیلیے بطور تحریک لوں،

محمد عامر نے کہا کہ ٹیم کیلیے بطور آل راؤنڈر کارکردگی دکھانے کی خواہش ہے،بیٹنگ میں بہتری لانے کی کوششیں کامیاب بھی ہورہی ہیں۔

ایک سوال پر عامر نے کہا کہ5سال میں کرکٹ خاصی تبدیل ہوگئی، پیسرز کو سوئنگ کم مل رہی ہے، بیٹسمین غیر روایتی اسٹروکس کھیلنے میں مہارت حاصل کرچکے ہیں، محدود اوورز کے میچز میں رنز کا سیلاب روکنا آسان نہیں رہا۔