بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سپریم کورٹ کا فیصلہ شفاف پاکستان کی جانب عملی قدم ہے ٗ پرویز خٹک

سپریم کورٹ کا فیصلہ شفاف پاکستان کی جانب عملی قدم ہے ٗ پرویز خٹک

پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوٹ مار کرنے والوں کی صفائی ناگزیر تھی ۔پانامہ کیس میں حکمران خاندان کے خلاف پانچ ججز کا متفقہ فیصلہ آچکا ہے جس نے نواز شریف کو نااہل کر دیا اور چوری اور کرپشن کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکرنے کا حکم دیا ہے ۔ یہ ایک نئے اورشفاف پاکستان کی طرف عملی قدم ہے۔لوٹ مار کرنے والے ضرور جیل میں جائیں گے اور سزا پائیں گے ۔اُمید ہے کہ قوم کو لٹیروں سے نجات مل جائے گی ۔

حیرت کی بات ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اور مولانا فضل الرحمن نواز شریف کو بچانے کیلئے اُس کے ساتھ ساتھ رہے مگراُ نہیں جانا لینا چاہیئے کہ اب احتساب کا جو سلسلہ شروع ہو چکا ہے سارے چور اس کی لپیٹ میں آئیں گے ۔ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہیں اور سپریم کورٹ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔پہلی مرتبہ عوامی اُمنگوں کے مطابق تاریخی فیصلہ آیا اور وزیر اعظم نوازشریف کے خاندان کی چوری پکڑی گئی اورایک طاقتو ر خاندان کااحتساب شروع ہوا۔اس کے بعد اور بھی بہت چور ہیں جن پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ اس فیصلے کے بعد اور ایسے کیسز نکلیں گئے جن سے ہمارے بہت سے بے ایمان لیڈر وں کااحتساب شروع ہو گا۔ سب سے پہلے ضرورت الیکشن اصلاحات کی ہے ۔ تاکہ انتخابی عمل پر کسی کو انگلی اٹھانے کی ضرورت نہ پڑے۔وہ اضاخیل پایان میں حفیظ خان، محب علی، آیا خان کے حجروں میں شمولیتی جلسوں سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

پرویز خان خٹک نے کہا کہ نواز شریف کے احتساب کاسارا کریڈیٹ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو جاتا ہے۔ جنھوں نے چوبیس سال سے مسلسل جدوجہد کرکے چوروں اور لیٹروں کے خلاف جہاد کیا۔ اب حقیقی معنوں میں نئے پاکستان کی بنیاد ڈل چکی ہے۔ بڑی تعداد میں کئی سیاسی جماعتوں سے اہم رہنما تحریک انصاف میں شمولیت کرنے کے لیے رابطے میں ہیں۔اس ملک اب عمران خان جیسے ایماندار لیڈ رکی ضرروت ہے تاکہ نئے پاکستان کاخواب پورا ہو۔پاکستان اور عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ اور آج کے تاریخی دن کے موقع پر اے این پی کے باشعور کارکنوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔جو ایک نیک شگون ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں عمران خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں یہ سب ان کی جدوجہد کانتیجہ ہے۔ چوبیس سال سے ان کا ایک نعرہ تھا کہ اس ملک میں اگر تبدیلی لانی ہے۔ تو چوروں ڈاکوں سے اس ملک کونجات دلانا ہوگا۔ یہ عمران خان کی مسلسل جدوجہد کانتیجہ تھا۔ جو اکیلا کھڑا رہا۔ اور ان کولوگوں کو عدالت لے گیا اور عدالت میں ان کاحساب کتاب صاف ہوگیا۔میں عمران خان کی جد وجہد پر ان کو سلام پیش کرتا ہوں کہ ان کی کوششوں سے آج قوم کو چوروں او رڈاکووں سے نجات ملی۔انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ نئے پاکستان کے لیے عمران خان کا ساتھ دیں پوری قوم کی نظریں عمران خان پر ہیں خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے صوبے میں جو اصلاحاتی پروگرام شروع کیا ہے۔ یہ درحقیقت عمران خان کی مسلسل مانٹرنگ اور رہنمائی کی بدولت ممکن ہوا۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ اقتدار میں آتے ہی ہم نے تمام شعبوں کو عوامی خدمت کے تابع اور شفاف بنانے کیلئے ایسی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے جس کی وجہ سے صحت، تعلیم،پولیس و پٹوار سسٹم اور انسانی زندگی سے وابستہ دیگر شعبوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ہم نے تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا کیونکہ ہماری حکومت سے پہلے اُستاد پر بھی سیاست کی جاتی تھی یہی وجہ ہے کہ سکولوں کا برا حال تھا اور کسی نے اس کے حل کیلئے نہیں سوچا۔ ہم نے سکولوں میں میرٹ پر بھرتیاں کرکے اساتذہ کی کمی پوری کی اور تعلیمی اداروں کو درکار ضروریات بھی پوری کررہے ہیں جبکہ پورے صوبے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی 95 فیصد موجودگی کو یقینی بنایا اور عوام کو مفت علاج معالجے کیلئے صحت سہولت کارڈ کا انقلابی منصوبہ شروع کیا ۔ یہ سہولت اس سال 24 لاکھ افراد تک بڑھائی جائے گی جس سے صوبے کی 70 فیصد آبادی مستفید ہو سکے گی ۔ تحریک انصاف ظلم کے نظام کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے کیونکہ جہاں پر ظلم وجبر کا نظام چل رہا ہو تو وہاں ترقی کرنا ممکن نہیں لہٰذا پورے ملک کے عوام اب پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہے ہیں اور 2018 کے انتخابات میں ہمارا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا۔