بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ’’مشن کلین سویپ‘‘ کے لیے پاکستانی مشقیں شروع

’’مشن کلین سویپ‘‘ کے لیے پاکستانی مشقیں شروع


شارجہ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف ’’مشن کلین سویپ‘‘ کیلیے پاکستانی مشقیں شروع ہو گئیں، گذشتہ روز کھلاڑیوں نے شارجہ میں بھرپور ٹریننگ سے لہو گرمایا، فیلڈنگ ڈرلز پر خصوصی توجہ دی گئی، سلپ فیلڈرز کا بھی سیشن ہوا، مصباح الحق، سرفراز احمد اور سمیع اسلم سلو پچ پر بیٹنگ صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کرتے رہے، یاسر شاہ کوچز سے مشاورت سے اسپن کا جال مضبوط بنانے کیلیے سرگرم نظر آئے۔ دریں اثنا اسد شفیق کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم بہترین فارم کی بدولت کیریبیئنز کا تیسری بار شکار کرنے کیلیے پُرعزم ہے، ان کے مطابق تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی مشکل پیش نہیں آتی، مسلسل محنت کی بدولت کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس میں بہتری کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف دبئی میں فتح کے جھنڈے گاڑنے والی پاکستان ٹیم کلین سویپ کا خواب آنکھوں میں سجائے بیٹھی ہے، ادھر ٹوئنٹی 20کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی کو ترستے رہنے والے کیریبیئنز ٹور کا اختتام جیت پر کرنے کے خواہاں ہیں، تیسرا اور آخری ٹیسٹ اتوار کو شارجہ میں شروع ہوگا، جمعے کو دونوں ٹیموں نے بھرپور ٹریننگ سیشنز کیے۔

ابوظبی ٹیسٹ میں فتح کے بعد آرام کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے مشقوں کا آغاز کرتے ہوئے وارم اپ اور فیلڈنگ ڈرلز پر توجہ دی، پک اینڈ تھرو کے ساتھ سنگل وکٹ کو نشانہ بنانے کی مشق جاری رہی،کوچز نے ایک خصوصی سیشن سلپ فیلڈرز کی مستعدی جانچنے کیلیے بھی رکھا، یونس خان، اسد شفیق، سمیع اسلم اور مصباح الحق مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی گیندوں کو کیچ کرتے رہے،بعد ازاں نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کا سلسلہ شروع ہوا، سب سے زیادہ وقت یونس خان نے لیا، مصباح الحق، سرفراز احمد اور سمیع اسلم بھی سلو پچ پر صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کرتے نظر آئے، محمد عامر، سہیل خان اور یاسر شاہ نے طویل سیشن کیا،لیگ اسپنر کی یونس خان کو بولنگ کے دوران مختلف تجربات کرتے ہوئے کوچز سے مشاورت بھی جاری رہی۔