بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / جراتمندانہ اقتصادی اصلاحات سے معاشی شعبوں میں نمایاں بہتری حاصل کی،وزیراعظم

جراتمندانہ اقتصادی اصلاحات سے معاشی شعبوں میں نمایاں بہتری حاصل کی،وزیراعظم


نیویارک ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جراتمندانہ اقتصادی اصلاحات سے معیشت کے تمام بڑے شعبوں میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔وہ نیو یارک میں تاجروں اورصنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے اور بجٹ خسارہ کم ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ہمارا معاشی بحالی کا سفر اس لئے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کہ ہم نے اسے ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف بڑی کارروائیوں کے باوجود حاصل کیا ہے۔

نواز شریف نے کہاکہ پاکستان بجلی، تیل و گیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، اشیائے ضرورت، مالی خدمات اور سرمائے کی منڈیوں جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی بانڈ مارکیٹ میں پاکستان کی شمولیت اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی شاندار کارکردگی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اورپاکستان پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا اہم معاشی اورتجارتی شراکت دار رہا ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کا حجم عالمی رجحانات کے مطابق نہیں ۔انہوں نے کہا پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔