بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / الیاس بلور کا عمران خان کومناظرہ کا چیلنج

الیاس بلور کا عمران خان کومناظرہ کا چیلنج

پشاور۔سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈراور ملک کے سینئر سیاستدان سینیٹر الیاس احمد بلور نے عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا میں تعلیمی کے شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں پرائیویٹ سکولوں سے ایک لاکھ سے زائد بچے سرکاری سکولوں میں داخل ہونے کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ اور پختونخوا کے عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق قرار دیا ہے اور اُنہیں مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی وی یا کسی بھی جگہ مجھ سے آکر اپنی حکومت کے حوالے سے مناظرہ کریں تو میں اُن کو بتادوں گا کہ اُن کی نااہل حکومت میں کتنی دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں۔

ملک کے سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے عمران نیازی کے گذشتہ رات خطاب پر کھڑی تنقید کی اور کہا کہ عمران نیازی جلسے سے ایسے خطاب کر رہے ہیں جیسے وہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں اور عوام کو سبز باغ دکھا کر اپنے آپ کو ہیرو تصور کر رہے ہیں۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ عمران نیازی اب کسی دھوکے میں نہ رہے کہ آئندہ انتخابات میں اسے ووٹ ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے غیور عوام نے عمران نیازی اینڈ کمپنی کی تعلیم ٗ صحت اور دیگر شعبوں میں کارکردگی کو جانچ لیا ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ انتخابات میں عمران نیازی کو بھاری اکثریت سے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ خیبر پختونخوا کے عوام تبدیلی کے نام پر اس صوبے کے ساتھ مزید مذاق برداشت نہیں کرسکتے ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ میٹرک کے حالیہ رزلٹ نے خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں کی تعلیمی حالت کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے اور اس سال سرکاری سکولوں کا میٹرک کا رزلٹ اس قدر خراب آیا ہے کہ بچوں کی مزید تعلیم جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ اس کے برعکس پرائیویٹ سکولوں کا رزلٹ بہت اچھا رہا اور عمران نیازی اینڈ کمپنی کے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی پختونخوا کے عوام کے ساتھ مزید کتنا جھوٹ بھولیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ٗ صحت ٗ پولیس اور دیگر محکموں میں تبدیلی لانے کے جھوٹے دعوے پوری قوم کے سامنے آگئے ہیں اور اس صوبے کے عوام ہی عمران نیازی کا غرور اور دعوے خاک میں ملا دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عمران نیازی ناچ گانے اور دھوکہ دہی کی سیاست کر رہے ہیں اور میں نے انہیں مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور میرے ساتھ اس صوبے کی تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کا ڈرامہ رچانے کے معاملے پر بات کریں تاکہ میں اُن کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردوں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی احمقوں کی جنت میں رہتا ہے اور اس کے منہ میں جو آئے وہ کہہ دیتا ہے ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ عمران خان کو خیبر پختونخوا کے عوام کو ایک ایک چیز کا حساب دینا ہوگااور جو جھوٹ وہ عوام کے ساتھ مسلسل بول رہے ہیں اُس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی حقیقی جمہوریت اور احترام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور انشاء اللہ تعالی آئندہ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔