بریکنگ نیوز
Home / کھیل / تاریخی اوول ٹیسٹ میں معین کی ہیٹرک، انگلینڈ فاتح

تاریخی اوول ٹیسٹ میں معین کی ہیٹرک، انگلینڈ فاتح

اوول کے تاریخی 100ویں ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے رولینڈ جونز کی شاندار باؤلنگ اور معین علی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 239 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔

اوول میں کھیلے جا رہے تاریخی 100ویں ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ نے 117 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے میچ میں فتح کیلئے مزید 375 رنز درکار تھے۔

ٹیمبا باووما اور ڈین ایلگر نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا اور دن کے آغاز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی لیکن پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے رولینڈ جونز کو یہ شراکت نہ بھائی اور انہوں نے باووما کو رخصت کر کے 108 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا جبکہ اگلی ہی گیند پر انہوں نے ورنن فلینڈر کو بھی رخصت کردیا لیکن وہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہ کر سکے۔

دوسرے اینڈ سے ڈین ایلگر نے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا اور سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کرس مورس اور کیشپ مہاراج کے ساتھ قیمتی شراکتیں بھی قائم کیں لیکن ان کی یہ کاوش ابتدائی بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ کا ازالہ نہ کر سکی۔

معین علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے آخری چار وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دیتے ہوئے اپنی ٹیم کو 239 رنز کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایلگر 136 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ باووما 32، مورس اور مہاراج 24، 24 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

اس فتح کی بدولت انگلینڈ نے چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پہلی اننگز میں شاندار سنچری اور میچ میں تین وکٹیں لینے پر بین اسٹوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ چار اگست سے اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔