بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تین روزہ جشن شندور فیسٹیول اختتام پذیر

تین روزہ جشن شندور فیسٹیول اختتام پذیر

چترال۔ جشن شندور تین روز تک جاری رہنے کے بعد پیر کے دن چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان ایک سنسنی خیز پولو میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا جس میں چترال نے چھ کے مقابلے میں اپنے روایتی حریف کو 12گولوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ میچ کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ تھے جس نے کھلاڑیوں میں انعامات ، کپ اور شیلڈ تقسیم کئے۔ میچ کا پہلا ہاف انتہائی سنسنی خیز رہا‘ ابتدائی پندرہ منٹ کے اندر چترال ٹیم نے یکے بعد دیگرے چار گو ل اسکور کرکے مخالف کو حواس باختہ کردیا لیکن گلگت بلتستان کی ٹیم جلد ہی سنبھل گئی اور پہلے ہاف تک چترال کی طرف سے کئے گئے۔

پانچ گولوں کا حساب برابر کر دیا اور بظاہر مقابلے کا پانسہ پلٹ دیا۔ہاف ٹائم کے بعد چترال ٹیم نے بدلی ہوئی حکمت عملی کے ساتھ گلگت بلتستان کو ایک دفعہ پھر اپنے قابو میں کرلیا اور دوسرے ہاف کے دوران سات مزید گول اسکور کردئیے جبکہ گلگت صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئی اس میچ میں چترال سکاؤٹس کے نائب صوبیدار اظہار علی مین آف دی میچ قرار دیے گئے ۔

جس نے سات گول کرکے چترال ٹیم کو برتری دلا دی ۔ کھیل کے دوران چترال کے پیرا گلائڈروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ جبکہ چترال سکاؤٹس کے بینڈ اور ڈھول و شہنائی کے فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرکے لوگوں کے دل جیت لئے ۔ 1982ء سے سالانہ منعقد ہونے والی اس فیسٹول میں اس دفعہ ہزاروں لوگوں نے چترال اور گلگت بلتستان سے شرکت کی جبکہ غیرملکی سیاح بھی بڑی تعداد میں دنیا کے اس بلند ترین پولو گراونڈ پہنچ گئے تھے۔