بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغانستان میں امریکی بلیک ہاک کی ہنگامی لینڈنگ

افغانستان میں امریکی بلیک ہاک کی ہنگامی لینڈنگ

کابل۔افغانستان میں امریکہ کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس کے نتیجے میں 2فوجی زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں نیٹو کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث مشرقی علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جہاں امریکی فورسز داعش اور دیگر دہشتگرد گروپوں کے خلاف افغان فورسز کو مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران 2فوجی معمولی زخمی ہوگئے ۔ہیلی کاپٹر کے عملے کو بچا لیا گیا جبکہ طیارے کو لایا جار ہا ہے ۔دوسری جانب طالبان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سوار تمام افراد مارے گئے ۔