بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نئی کابینہ کیلئے نومنتخب وزیراعظم کی نواز شریف سے مشاورت

نئی کابینہ کیلئے نومنتخب وزیراعظم کی نواز شریف سے مشاورت


مری: نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے پیش رو اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے مری میں ملاقات کے دوران مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق مری میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے جاری اجلاس میں کابینہ کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی جس کے بعد کابینہ کے ارکان کی حلف برداری تقریب کل بروز جمعرات (3 اگست) تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ نئی کابینہ کے ارکان ممکنہ طور پر آج (بدھ) کو شام ساڑھے 5 بجے اسلام آباد میں حلف اٹھائیں گے اور صدر مملکت ممنون حسین کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے، ان ارکان کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ میں زیادہ تر سابق ارکان کو شامل کیا جائے گا۔

تاہم یہ توقع کی جارہی ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے ارکان کی تعداد اپنے پیش رو سے کم ہوگی۔

یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ کیا سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نئی کابینہ کا حصہ ہوں گے یا نہیں، جنہوں نے گذشتہ ہفتے اپنی پریس کانفرنس میں پارٹی ارکان اور ان کے درمیان کشیدگی کا انکشاف کیا تھا۔

نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان مری میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے جو ممکنہ طور پر قومی اسمبلی میں اپنے بھائی کی خالی نشست پر حلقہ 120 پر انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔

شہباز شریف کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی مری میں ہونے والی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں موجود تھے۔